ایان علی پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 15 روز کیلئے موخر،کسٹم کورٹ کے رخصت پر جانے کیوجہ سے ملزمہ پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی ، عدالت پہنچنے پر بچے نے ماڈل کو عید کارڈ اور مہندی کا تحفہ دیا

منگل 14 جولائی 2015 09:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14 جولائی۔2015ء) کرنسی سمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی تیرہویں بار عدالت میں پیش ، کسٹم کورٹ کے جج کی رخصت کے باعث ملزمہ پر فرد جرم عائد کیے جانے کیلئے کارروائی کا آغاز نہ ہو سکا۔ ماڈل گرل کو عدالت پہنچنے پر عید کے تحائف بھی دیئے گئے۔ کرنسی سمگلنگ کے الزام میں گرفتار ماڈل گرل ایان علی کو سیکورٹی خدشات کے باعث بکتر بند گاڑی میں اڈیالہ جیل سے عدالت لایا گیا۔

سیاہ رنگ کا ہڈ ، پینٹ اور بادامی رنگ کی شرٹ پہنے ماڈل گرل نے دھوپ سے بچنے کیلئے سیاہ چشمہ بھی لگایا ہوا تھا۔ احاطہ عدالت پہنچنے پر ایک بچے نے ماڈل گرل کو عید کارڈ اور مہندی کا تحفہ دیا۔ راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں ایان علی کیخلاف کرنسی سمگلنگ کیس کی سماعتپیر کے روز ہونا تھی تاہم سپیشل جج کسٹمز رانا آفتاب احمد کی رخصت کے باعث کیس میں ملزمہ پر فرد جرم عائد کیے جانے کے حوالے سے کارروائی کا آغاز نہ ہو سکا۔

(جاری ہے)

عدالت نے فرد جرم عائد کیے جانے کی کارروائی پندرہ روز کیلئے موخر کر دی۔ ملزمہ کو بینکنگ کورٹ کے جج صابر سلطان کے سامنے پیش کیا جائے گا جو بطور ڈیوٹی جج کیس کی آئندہ سماعت کیلئے تاریخ طے کریں گے۔ ملزمہ ایان علی کو چودہ مارچ کو اسلام آباد دبئی پانچ لاکھ ڈالر سمگل کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :