عمران خان کا این اے 122اور 154 میں الیکشن ٹریبونلزکے تاخیری حر بو ں پر احتجا ج کا فیصلہ ، معاملہ چیف الیکشن کمیشنر کے نو ٹس میں لا نے کا فیصلہ

منگل 14 جولائی 2015 09:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14 جولائی۔2015ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 122اور این اے 154 میں الیکشن ٹریبونلز کی کارروائیوں میں تاخیراورغیر ضروری وقفے پر چیف الیکشن کمیشنر جسٹس ( ر ) سردار رضا سے ملاقات کے دوران احتجاج کا فیصلہ کیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین عمران خان تحریک انصاف عمران خان نے الیکشن ٹریبونلز کے تاخیری حربوں پر سخت تشویش اور تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے جلد ہی چیف الیکشن کمیشن جسٹس (ر) سردار رضا سے ملاقات کا عندیہ دیا ہے ۔

ترجمان تحریک انصاف کے مطابق عمران خان آئندہ دو سے تین روز تک سردار رضا سے ملاقات کریں گے اور اس موقع پر تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین بھی عمران خان کے ہمراہ ہوں گے ۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کرتے ہوئے کہا جائے گا الیکشن ٹریبونلز میں این اے 122 اور 154 کے حوالے سے صرف ایک روز کی کارروائی باقی تھیکہ ٹریبونلز کے جج صاحبان کی جانب سے کیس کی کارروائی تین ہفتے تک ملتوی کر دی گئی ہے جو سمجھ سے بالاتر ہے جس سے تحریک انصاف میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور خدشہ ہے کہ طویل وقفے سے ٹریبونلز مخالف فریق کو فائدہ پہنچانا چاہتا ہے اور کارروائی کی طوالت کا فیصلے پر اثر انداز ہونے کا خدشہ ہے ۔

جس پر تحریک انصاف کو شدید تحفظات ہیں ۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان چیف الیکشن کمیشن سردار رضا سے گزارش کریں گے کہ وہ معاملے کا فوراً نوٹس لیں اور کیس کی بغیر کارروائی جلد مکمل کرانے کے احکامات جاری کریں تاکہ کسی کو فیصلے پر اثر انداز ہونے کا موقع نہ ملے ۔