ملتان میں مبینہ دہشتگردوں نے جعل سا زی سے مو با ئل سیمیں حاصل کر لیں، مختلف مقامات پر سینکڑوں خواتین اور مردوں کو چینی اور آٹا مفت فراہم کرنے کا لالچ دے کر بائیومیٹرک سسٹم کے تحت ان کے انگوٹھے لگوا کر سیمیں حاصل کی گئیں

بدھ 29 جولائی 2015 09:29

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 جولائی۔2015ء) ملتان میں مبینہ دہشتگردوں‘ نوسربازوں اور ٹھگوں نے ضلع کے مختلف مقامات پر سینکڑوں خواتین اور مردوں کو چینی اور آٹا مفت فراہم کرنے کا لالچ دے کر بائیومیٹرک سسٹم کے تحت ان کے انگوٹھے لگوا کر ان کے نام پر سیمیں حاصل کر لیں جو وہ کسی بھی ممکنہ دہشت گردی‘نوسربازی اور ٹھگی کی وارداتوں میں استعمال کریں گے اور اس طرح انہوں نے حکومت کے بائیو میٹرک سسٹم کے تحت اصل مالکان کی سیمیں حاصل کرنے کے نظام کو بھی ناکام بنا دیا۔

اس بات انکشاف چند روز قبل ملتان ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک رکن قومی اسمبلی عبدالغفار ڈوگر اور ایک رکن صوبائی اسمبلی پنجاب مہدی عباس لنگاہ نے نئے سی پی او ملتان اظہر اکرم سے جمعہ کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا اور ان دونوں ارکان اسمبلی نے اس بات پر اپنی تشویش سے سی پی او ملتان کو آگاہ کیا اور خدشے کا اظہار کیا کہ ملتان ضلع میں اس قسم کی وارداتوں سے مبینہ دہشت گردوں‘ نوسربازوں اور ٹھگوں کی جانب سے عوام کو آٹا اور چینی مفت فراہم کرنے کا لالچ دے کر حاصل کی جانے والی سموں کو غیر قانونی وارداتون کے لئے استعمال کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ملک عبدالغفار ڈوگر نے سی پی او ملتان کو بتایا کہ ان کے حلقہ میں بھی نامعلوم مبینہ دہشتگردوں‘ نوسربازوں یا ٹھگوں نے سینکڑوں خواتین و حضرات کو فری آٹا اور چینی فراہم کرنے کا لالچ دے کر ان سے بائیومیٹرک مشین پر انگھوٹے لگوا کر اور شناختی کارڈ نمبر درج کر کے سمیں حاصل کی ہیں جو دہشت گردی سمیت غیر قانونی کاموں میں استعمال ہو سکتی ہیں۔

اسی موقع پر انہوں نے تھانہ سیتل باڑی کے علاقے میں ہونے والی اس واردات کی نشاندہی بھی کی جبکہ رکن صوبائی اسمبلی پنجاب مہدی عباس لنگاہ نے ملتان کی تحصیل جلال پور کے تھانہ راجا رام میں اسی قسم کی ہونے والی واردات کے بارے میں سی پی او ملتان اظہر اکرم کو آگاہ کیا اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس احساس معاملے کو مدنظر رکھتے ہوئے ان مبینہ دہشت گردوں‘ نوسربازوں اور ٹھگوں کا سراغ لگوائیں۔

اس موقع پر سی پی او ملتان اظہر اکرم نے ان دونوں ارکان اسمبلی سے اس بارے میں پولیس تعاون کرنے کی درخواست کی تھی تاہم تاحال سینکڑوں لوگوں کو مفت چینی اور آٹا دینے کا لالچ دے کر بائیومیٹرک سسٹم کے تحت ان کے نام پر نکالے جانے والی سموں میں ملوث ملزمان کا تاحال نہ پولیس سراغ لگا سکی ہے اور نہ ان کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :