شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تفتیش ، اقوام متحدہ میں قرارداد منظور

اتوار 9 اگست 2015 09:37

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 اگست۔2015ء)اقوامِ متحدہ نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس کا مقصد شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تفتیش کرنا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون اور کیمیائی ہتھیاروں کے امتناع کی تنظیم او پی سی ڈبلیو -کے سربراہ، دونوں اس انکوائری کی منصوبہ بندی کریں گے۔اقوامِ متحدہ میں اس معاملے پر اس وقت ووٹنگ کرائی گئی جب امریکہ اور روس دونوں قرارداد کی حتمی تحریر پر رضا مند ہوگئے۔

اگست دو ہزار تیرہ میں دمشق کے باہر ایک حملے کے بعد شام کے کیمیائی ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے ایک مشن قائم کیا گیا تھا۔ گذشتہ برس کے آخر میں کیمیائی ہتھیاروں کے امتناع کی تنظیم نے اعلان کیا تھا کہ اس نے شام کے بتائے ہوئے ایک ہزار ایک سو اسی ٹن کے قریب مواد کو تلف یا ضبط کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر سمنتھا پاور نے کہا کہ (کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا) ارتکاب کرنے والوں کے لیے یہ ایک واضح پیغام ہے کہ وہ سزا سے نہیں بچیں گے۔

’آج کی قرارداد کونسل کی متفقہ حمایت سے منظور ہوئی ہے اور یہ شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے حملے میں ملوث ہر ایک کے لیے سخت اور واضح پیغام ہے۔ اگر آپ نے لوگوں پر گیس استعمال کی ہے تو مشترکہ تفتیش آپ کو شناخت کر لے گی۔ قرارداد شام کے مسئلے پر اقوامِ متحدہ میں کبھی کبھار نظر آنے والے اتفاق کو ظاہر کرتی ہے کیونکہ تمام پندرہ ارکان نے اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔یہ قرارداد امریکہ اور روس کے درمیان کئی مہینوں کی بات چیت کا نتیجہ ہے۔

متعلقہ عنوان :