آئی سی سی کی نئی پلیئرز رینکنگ جاری ، ایشز سیریز میں شاندار کارکردگی پر جو روٹ نے بلے بازوں میں اے بی ڈویلیئرز سے پہلی پوزیشن چھین لی، سٹیورٹ براڈ کی بولرز میں دوسری پوزیشن ، ڈیل سٹین تاحال پہلی پوزیشن پر فائز، جیمز اینڈرسن تیسرے اور نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ چوتھے نمبر پر ،پاکستانی لیگ سپنر یاسر شاہ چوتھی سے پانچویں پوزیشن پر چلے گئے،بیٹسمنوں مں ی آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ تیسرے، جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا چوتھے اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا5ویں نمبر پر ، یونس خان ساتویں، کپتان مصباح الحق دسویں نمبر پر براجمان

اتوار 9 اگست 2015 08:47

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 اگست۔2015ء) آئی سی سی نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کے چوتھے میچ کے بعد پلیئرز رینکنگ کا اعلان کر دیا، چوتھے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر جو روٹ نے بلے بازوں میں پہلی جب کہ سٹوارٹ براڈ نے بولرز میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ دونوں ٹیسٹ فارمیٹ میں کیریئر بیسٹ رینکنگ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

بولرز کی رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین کی اب بھی پہلی پوزیشن ہے جب کہ سٹوارٹ براڈ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن تیسرے اور نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ چوتھے نمبر پر ہیں۔ پاکستانی لیگ سپنر یاسر شاہ چوتھی سے پانچویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ورنن فلانڈر چھٹے، مچل جونسن 7ویں، سری لنکا کے رنگانا ہیراتھ8ویں، نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤدی9ویں اور جنوبی افریقہ کے مورنے مورکل 10ویں نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

اس میچ میں سٹوارٹ براڈ نے 9 وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں انہوں نے 8 وکٹیں حاصل کیں، یہ ایشز کی پوری تاریخ میں کسی بھی فاسٹ بولر کی طرف سے بہترین کارکردگی جب کہ ایشز میں مجموعی طور پر چوتھی بہترین کارکردگی ہے۔ دوسری اننگز میں انہوں نے ایک وکٹ حاصل کی۔بلے بازوں کی رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ لمبی چھلانگ لگا کر پہلے نمبر پر پہنچ گئے۔

انہوں نے جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز کو دوسری پوزیشن پر دھکیل دیا ہے ۔ آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ تیسرے، جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا چوتھے اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا5ویں نمبر پر ہیں۔سری لنکا کے اینجلو میتھیوز چھٹے جب کہ پاکستان کے یونس خان 7ویں نمبر پر ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کی 8ویں، آسٹریلیا کے کرس راجرز 9ویں جب کہ بھارت کے ویراٹ کوہلی 10ویں نمبر پر ہیں۔ پاکستانی ٹیسٹ کپتان مصباح الحق 10ویں نمبر پر ہیں۔