پاکستانی نژاد کرکٹر حسیب حمید انگلینڈ انڈر 19ٹیم کے کپتان مقرر ،4 اگست سے آسٹریلیا کے خلاف ڈرھم میں شروع ہونے والے ایک چار روزہ بین الاقوامی ٹیسٹ میچ کے لیے انگلینڈ کی انڈر 19 ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے

اتوار 9 اگست 2015 08:51

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 اگست۔2015ء) لنکا شائر کی طرف سے کاوٴنٹی کرکٹ کھیلنے والے پاکستانی نژاد کرکٹر حسیب حمید کو انگلینڈ کی انڈر 19 ٹیم کا کپتان نامزد کیا گیا ہے۔لنکا شائر کے اسٹار بلے باز حسیب حمید چار اگست سے آسٹریلیا کے خلاف ڈرھم میں شروع ہونے والے ایک چار روزہ بین الاقوامی ٹیسٹ میچ کے لیے انگلینڈ کی انڈر 19 ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

18 سالہ بلے باز حسیب حمید نے گزشتہ برس لنکا شائر کاوٴنٹی کلب کے ساتھ پیشہ وارانہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں ،جس کے بعد وہ کاونٹی کرکٹ میں مستقل مزاجی سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔لنکا شائر کے ایک اور باصلاحیت کھلاڑی ثاقب محمود کو فاسٹ باوٴلر کی حیثیت سے انگلینڈ کی 16 رکنی انڈر 19 ٹیم کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔نوجوان کرکٹر حسیب حمید انگلینڈ کی انڈر 17 اور انڈر 19 ٹیموں میں کھیل چکے ہیں، انھوں نے ٹیم میں اپنی پہچان ایک ٹاپ آرڈر بلے باز کی حیثیت سے بنائی ہے۔

انڈر19 کی قومی ٹیم کا انتخاب 'انگلینڈ ڈیولپمنٹ پروگرام ' اور 'ویلز کرکٹ بورڈ ' کی طرف سے کیا گیا ہے۔حسیب حمید پہلی بار قومی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں، جبکہ نوجوان کرکٹر کو کاوٴنٹی کی طرف سے کئی مواقع پر انڈر 14 ٹیم کی کپتانی کا تجربہ حاصل ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :