بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر انتہا پسند ہندو جماعت شیو سینا کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 میں پاکستان کے ریاست مہاراشٹر میں میچز منعقد نہ کرنے کا اعلان ، فیصلہ مہاراشٹر حکومت سے مشاورت کے بعد کیا گیا ،گرین شرٹس ناگپور اور ممبئی میں میچ نہیں کھیل سکے گی ،ہندوستانی بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے ریاست مہاراشٹر کے حکومتی اداروں سے گفتگو کرکے مشورہ دیا کہ پاکستان کا کوئی میچ یہاں نہ رکھا جائے کیونکہ سیاسی جماعتیں احتجاج کر سکتی ہیں جس کے باعث ریاست میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو سکتی، بی سی سی آئی عہدیدار ،انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ابھی تک آئندہ سال ہونے والے عالمی ایونٹ کیلئے حتمی ڈراز کا اعلان نہیں، پاکستان کے گروپ میں میزبان ہندوستان کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی شامل ہو گی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

منگل 11 اگست 2015 08:45

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 اگست۔2015ء) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی ) نے ایک بار پھر انتہا پسند ہندو جماعت شیو سینا کے سامنے ہتھیار ڈالتے ہوئے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 میں پاکستان کے ریاست مہاراشٹر میں میچز منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بی سی سی آئی نے یہ فیصلہ مہاراشٹرا حکومت سے مشاورت کے بعد کیا ہے جس کے تحت پاکستانی ٹیم ناگپور اور ممبئی میں میچ نہیں کھیل سکے گی۔

یہ فیصلہ شیو سینا جیسی سیاسی جماعتوں کے ممکنہ احتجاج کی وجہ سے سیکیورٹی خدشات کے باعث کیا گیا ہے۔مہاراشٹرا میں دو ٹیسٹ سینٹر ہیں جن میں سے ایک ناگپور کی ودربھا کرکٹ ایسوسی ایشن اور دوسرا ممبئی کا وانکھیڈے اسٹیڈیم شامل ہیں اور ان دونوں کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے میچز کی میزبانی کیلئے منتخب کیا گیا ہے.ان دو شہروں کے علاوہ عالمی ایونٹ کے دیگر میچوں کی میزبانی کا اعزاز کولکتہ، چنئی، دھرمشالہ، بنگلور، دہلی اور موہالی کو بھی حاصل ہو گا۔

(جاری ہے)

بی سی سی آئی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ ہندوستانی بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے ریاست مہاراشٹر کے حکومتی اداروں سے گفتگو کی اور انہوں نے ہمیں مشورہ دیا کہ پاکستان کا کوئی میچ یہاں نہ رکھا جائے کیونکہ سیاسی جماعتیں احتجاج کر سکتی ہیں جس کے باعث ریاست میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ اگلے سال تک دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کس نوعیت کے ہوں گے لیکن وہ کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتے۔

گزشتہ سال شیو سینا نے مہاراشٹر میں ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں جیسے کبڈی اور ہاکی میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کی مخالفت کی تھی۔ریاست مہاراشٹر میں ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا کا خاصا اثر رسوخ ہے اور وہ مہاراشٹر میں ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کی ہمیشہ ہی سے مخالف رہی ہے اور اس معاملے میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی اسے در پردہ حمایت بھی حاصل رہی ہے۔

اس سال جولائی میں ہندوستان میں ہونے والی کبڈی لیگ میں شرکت کیلئے جانے والے پاکستانی کھلاڑیوں کی مقابلے میں شرکت کے خلاف شیو سینا نے مظاہرہ کیا جس کے باعث منتظمین نے پونے اور ممبئی میں ہونے والے میچوں میں پاکستانی کھلاڑیوں کو نہ کھلانے کا اعلان کیا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی ئی سی سی) نے ابھی تک آئندہسہ سال ہونے والے عالمی ایونٹ کیلئے حتمی ڈراز کا اعلان نہیں کیا لیکن انڈین ایکسپریس کے مطابق پاکستان کے گروپ میں میزبان ہندوستان کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی شامل ہو گی۔

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ کی صورت میں چنائے یا موہالی اس سنسنی خیز مقابلے کی میزبانی کا شرف حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ پاکستان ممبئی یا ناگپور میں کوئی میچ نہ کھیل سکے، کیونکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا فائنل کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں ہو گا تو اس لیے بنگال میں کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔