ہزارہ موٹروے کو دسمبر2016ء تک مکمل کیا جائے گا،نوازشریف،ہزارہ موٹروے6 رویہ ہوگی،جو پاک چین اقتصادی راہداری کا بھی حصہ ہوگی،سڑکوں کی تعمیر سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا،منصوبے سے خوشحالی آئے گی خطہ ترقی کرے گا،سڑک ترقی کا پہلا زینہ ہوتی ہے،تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے بعد خطاب

جمعہ 14 اگست 2015 09:32

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14 اگست۔2015ء)وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ہزارہ موٹروے کو دسمبر2016ء تک مکمل کیا جائے گا،پہلے مرحلے میں حویلیاں سے مانسہرہ اور تیسرے مرحلے میں حویلیاں سے تھاکوٹ تک سڑک تعمیر کی جائے گی،ہزارہ موٹروے6 رویہ ہوگی،جو پاک چین اقتصادی راہداری کا بھی حصہ ہوگی،سڑکوں کی تعمیر سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا۔

ہزارہ موٹروے کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے خوشحالی آئے گی خطہ ترقی کرے گا،لوگ خوشحال ہونگے،سڑک ترقی کا پہلا زینہ ہوتی ہے،اس کے بعد سکول،کالج قائم ہوتے ہیں صنعتیں لگتی ہیں،ترقی کے ثمرات نظرآتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور سے کراچی موٹروے کی بنیاد رکھیں گے اور یہ موٹر پشاور سے کراچی تک جائے گی ایک حصہ کراچی سے حیدرآباد ہوگا جس پر کام شروع ہوگیا ہے،اگلے3سال میں کراچی سے لاہور موٹروے مکمل ہونی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھی سڑکوں کا جال بچھانا شروع کردیا ہے،گوادر سے کوئٹہ تک سڑکیں نہیں رہیں۔انہوں نے کہا کہ رواں سال کے بجٹ میں سڑکوں کیلئے112ارب روپے رکھے ہیں،اگلے سالوں میں بجٹ میں اس سے زیادہ رقم مختص کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے لئے بھی سڑکیں بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ توانائی گیس کے منصوبے علیحدہ چل رہے ہیں،منصوبوں کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔لواری ٹنل اگلے ڈیڑھ یا دو سال میں مکمل ہوجائے گی،اس کیلئے کثیر فنڈ رکھا گیا ہے،گلگت بلتستان میں عطاء آباد ٹنل بنائی ہے جس کا افتتاح رواں ماہ کے آخر میں کہا جائے گا جس پر27ارب روپے خرچ ہوئے ہیں

متعلقہ عنوان :