کراچی،ایم کیو ایم کے ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں کے سرغنہ کاشف عرف ڈیوڈ سائٹ کی 3600فیکٹریوں اور انڈسٹریل یونٹس سے بھتہ وصولی کا اعتراف ،ملزم آپریشن کے خوف سے جنوبی افریقہ گیا پھر دبئی سے پاکستان واپسی پر پکڑا گیا

جمعہ 14 اگست 2015 09:39

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14 اگست۔2015ء) کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں کے سرغنہ کاشف عرف ڈیوڈ نے ابتدائی تفتیش کے دوران سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں۔ملزم کراچی آپریشن کے خوف سے بھاگ کر جنوبی افریقہ پہنچا پھر دبئی سے پاکستان واپسی پر پکڑا گیا۔ متحدہ عرب امارات سے پاکستان واپسی پر گرفتار ہونے والے ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں کے سرغنہ کاشف عرف ڈیوڈ نے ابتدائی تفتیش میں سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے سائٹ کی 3600فیکٹریوں اور انڈسٹریل یونٹس سے بھتہ وصولی کا اعتراف کر لیا۔

اس کام کیلئے اس نے سائٹ لمیٹڈ کی عمارت میں دفتر بھی بنا رکھا تھا۔ گرفتار ہونے والے سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر اور بھتہ خور کاشف عرف ڈیوڈ نے ابتدائی تفتیش میں کئی اہم راز اگل دیئے۔

(جاری ہے)

تفتیشی حکام کے مطابق ملزم ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے مرکزی کردار ہے۔تفتیش کاروں کے مطابق ملزم سے بھتہ کی رقم کے استعمال اور اسکی ٹرانزیکشنز کے حوالے سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔ ملزم کراچی آپریشن کے خوف سے بھاگ کر پہلے ساوتھ افریقہ پہنچا اور پھر دبئی آیا جہاں اس نے اپنے بعض ساتھیوں سے ملاقاتیں کیں۔ اس کی ملاقاتوں کا احوال بھی کھنگال لیا گیا ہے۔تفتیش کار ملزم سے رینجرز کی ایم کیو ایم کو دی گئی ٹارگٹ کلرز کی فہرست میں شامل ملزموں کے حوالے سے بھی تفتیش کر رہے ہیں۔