تحریک انصاف چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کی سزا، نامعلوم افراد ٹیلی فون پر قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں، راجہ نصیر کا دعوی

ہفتہ 22 اگست 2015 09:10

حطار(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22اگست۔2015ء)تحریک انصاف چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کی سزا، نامعلوم افراد ٹیلی فون پر قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں،پولیس موبائل ڈیٹا سے ملزمان کا سراغ لگائے مارا گیا تو ذمہ داری سیاسی مخالفین پر عائد ہوگی،اس امر کا انکشاف ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار بابر نواز کی حمایت کرنے والے پی ٹی آئی کے سابق ضلعی جنرل سیکرٹری راجہ نصیر نے اپنی رہائشگاہ میرپور میں عمائدین کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر راجہ حبیب ترناوہ،کونسلر ملک اویس، کونسلر راجہ طلعت شہزاد، لہراسب خان،محمد سردار ، راجہ ملازم، راجہ شاہد محمود، راجہ سعید، جمعہ خان، خادم حسین شاہ،راجہ وقاص اور راجہ رئیس سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی، راجہ نصیر نے کہا کہ عوام جانتی ہے کہ میں نے تحریک انصاف کی خاطر کتنی قربانیاں دیں آج مجھے میری قربانیوں کا یہ صلہ دیا جارہا ہے کہ محض اپنے ضمیر کی آواز پر تحریک انصاف کو خیر آباد کہہ کر بابر نواز کی حمایت کرنے کی پاداش میں نامعلوم افراد مجھے انٹرنیٹ فون کال کے ذریعے سرعام برسٹ مار کر قتل کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے ٹیلی فون ڈیٹا کے ہمراہ پولیس کو باضابطہ درخواست دے دی ہے کسی کی دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں لیکن یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ اگر مجھے ، میرے خاندان یا میرے ساتھیوں پر کوئی حرف آیا تو اسکی تمام تر ذمہ داری میرے سیاسی مخالفین پر عائد ہوگی،راجہ نصیر نے کہا کہ تحریک انصاف چھوڑنا میرا جمہوری حق تھا اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ مجھے دھمکیاں ملنے کے بعد میرا سیاسی عزم کمزور ہوجائیگا تو اسکی بھول ہے میں لڑنا اور مرنا جانتا ہوں،ا نہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پولیس جدید تحقیق کی مدد سے دھمکیاں دینے والے افراد کا جلد سراغ لگا لے گی جس کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائیگا۔