ملتان،جعلی ڈگری ثابت ہونے پر ن لیگ کے ایم این اے چوہدری عارف نااہل قرار،اوکاڑہ کے حلقہ این اے144 میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم

ہفتہ 22 اگست 2015 09:07

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22اگست۔2015ء)الیکشن ٹریبونل نے جعلی ڈگری ثابت ہونے پر مسلم لیگ (ن) کے چوہدری عارف کو نا اہل قرار دے دیا،اوکاڑہ میں این اے 144میں دوبارہ الیکشن کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز الیکشن ٹریبونل میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری عارف کی جعلی ڈگری کیس کی سماعت ہوئی ،فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد الیکشن ٹریبونل کے جج نے چوہدری عارف کی ڈگری کو جعلی قرار دیتے ہوئے حلقہ این 144 میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیدیا ہے اس حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ عام انتخابات 2013 میں مسلم لیگ (ن) کے امید وار چوہدری عارف نے اوکاڑہ میں این اے 144 میں ایک لاکھ 3 ہزار382 ووٹ لیکر بھاری اکثریت میں کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد مخالف آزاد امید وار فیاض احمد خان غوری نے چوہدری عارف پر جعلی ڈگری کا الزام لگاتے ہوئے الیکشن ٹریبونل میں پٹیشن دائر کی تھی جس کے بعدجعلی ڈگری ثابت ہونے پرالیکشن ٹریبونل نے ایم این اے چوہدری عارف کو نا اہل قرار د یتے ہوئے اوکاڑہ کے حلقہ این اے144 میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیدیا۔