کراچی؛عوامی کالونی باغ کورنگی پر پولیس مقابلہ ، کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا کارندہ مارا گیا، جبکہ 3 ملزمان فرار

ہفتہ 22 اگست 2015 09:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22اگست۔2015ء)عوامی کالونی باغ کورنگی پر پولیس مقابلہ ، کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا کارندہ مارا گیا، جبکہ 3 ملزمان فرار، اسلحہ اور دستی بم برآمد، تفصیلات کے مطابق عوامی کالونی کے علاقے باغ کورنگی میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی تو وہاں موجود دہشتگردوں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس نے بھر پورکارروائی کی جس کے نتیجے میں ایک دہشتگرد مارا گیا جبکہ 3 دہشتگرد فرار ہونے میں بآسانی کامیاب ہوگئے، پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، ایس ایس پی کورنگی نعیم شیخ کا کہنا ہے کہ ملزم کاتعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے اور ملزم کی شناخت نہیں ہوسکی جبکہ اس کی عمر 25 سے 30 سال کے درمیان ہے اور شکل وصورت سے افغانی معلوم ہوتا ہے پولیس نے بتایا کہ ملزمان کراچی میں بڑی تخریب کاری کا منصوبہ بنارہے تھے، جسے پولیس نے ناکام بنادیا پولیس مزید دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کررہی ہیں۔