بے نظیر ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران مسافر طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا،پائلٹ نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت رن وے پر اتار لیا

جمعرات 10 ستمبر 2015 09:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2015ء) بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران مسافر طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا ۔ طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا ۔ پائلٹ نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت رن وے پر اتار لیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز اسلام آباد بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے وقت پی کے 612 مسافر طیارہ سے ایک پرندہ ٹکرا گیا جس سے طیارے میں سوراخ ہو گیا حادثے کے بعد جہاز کے پائلٹ نے بھرپور ذمہ داری اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جہاز کو بحفاظت ایئرپورٹ کے رن پر اتار لیا اور طیارے کو کسی بڑے حادثے سے بچا لیا ۔

واقعہ کے بعد طیارے میں موجود تمام مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا اور انجینئرز نے طیارے کے نقصان کا جائزہ لینے کے بعد مرمت کا کام شروع کر دیا ہے ۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق مسافر طیارہ پی کے 612 دبئی سے اسلام آباد آ رہا تھا جو کہ حادثہ کا شکار ہوا جبکہ طیارے نے واپس دبئی کے لئے روانہ ہونا تھا حادثے کے بعد طیارہ اڑان کے قابل نہیں رہا اس کی مرمت کا کام جاری ہے اس لئے دبئی جانے والے تمام مسافروں کو شام 4 بجے دوسرے طیارے کے ذریعے دبئی بھیجا جائے گا ۔