نیب لاہور نے کریسنٹ سٹینڈرڈ انوسمنٹ بینک اور مغرب ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے سابق سی ای اوز کو گرفتار کر لیا

جمعرات 10 ستمبر 2015 09:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2015ء) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے دو ملزمان سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر میسرز کریسنٹ سٹینڈرڈ انوسمنٹ بینک لمیٹڈ (سی ایس آئی بی ایل) محمود احمد اور سی ایس آئی بی ایل کے ذیلی ادارے مغرب ڈویلپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (ایم ڈی سی ایل) کے سابق سی ای او آصف محمود کو گرفتار کر لیا ہے۔ دونوں ملزمان مجموعی طور پر 6 کروڑ 65 لاکھ روپے مالیت کے سکینڈل میں ملوث ہیں جبکہ دونوں افراد پر اختیارات کے ناجائز استعمال، ناجائز ذاتی فوائد حاصل کرنے اور اعتماد کو مجرمانہ طور پر مجروح کرنے کے الزامات ہیں۔

ملزم محمود احمد پر الزام ہے کہ انہوں نے سی ایس آئی بی ایل کے سی او کی حیثیت سے اپنے ایسوسی ایٹڈ ادارے ایم ڈی سی ایل کو مناسب احتیاط برتے بغیر اور سی ایس آئی بی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بغیر ایک ارب 54 کروڑ روپے کی مشارکہ سہولت میں توسیع دی۔

(جاری ہے)

ان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے اس طرح کمپنیز آرڈیننس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رئیل سٹیٹ اور ہاؤسنگ فنانس کے کاروبار میں بینک کو ملوث کیا۔

ملزم نے پراپرٹی کی فروخت سے 45 ملین روپے کی آمدن حاصل کی جو درحقیقت بینک کے فنڈز سے خریدی گئی تھی۔ اسی طرح ملزم آصف محمود نے ایم ڈی سی ایل کے سی ای او کی حیثیت سے مناسب احتیاط برتے بغیر املاک کی خریداری کیلئے سی ایس آئی بی ایل کے فنڈز کی سرمایہ کاری کی۔ اس نے بینک کے فنڈز سے خریدی گئی پراپرٹی کی فروخت سے 21.50 ملین روپے کی آمدن حاصل کی۔ دونوں ملزمان کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے انہیں 24 ستمبر 2015ء تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دیدیا۔

متعلقہ عنوان :