جیکب آباد،جر گے میں لگایا گیا 16لاکھ جرمانہ اداکرنے کے لیے والد تین بچیوں کو بیچنے کے لیے بازار پہنچ گیا، ایس ایس پی نے نوٹس لے لیا انکوائری مقرر

جمعرات 10 ستمبر 2015 09:21

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2015ء)جر گے میں لگایا گیا 16لاکھ جرمانہ اداکرنے کے لیے والد تین بچیوں کو بیچنے کے لیے بازار پہنچ گیا ایس ایس پی نے نوٹس لے لیا انکوائری مقرر تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے قریب قصبہ عبدالکریم کٹوہر کے رہائشی غلام رسول کٹوہر اپنی تین بیٹیاں 8سالہ فوزیہ ،6شاہدہ اور دوپوتیوں 4سالہ رابعہ ،3سالہ زاہدہ کو لے کر شہر کی بازار پہنچ گیا اور بچیوں کو بیچنے کے لیے آوازیں لگاتا رہا اس موقع پر غلام رسول کٹوہر نے صحافیوں کو بتایاکہ کچھ عرصہ قبل دوست محمد کھوسہ نے اپنی بھانجی ریشماں کھوسو کو میرے بیٹے غلام شبیر پر سیاہ کاری کا جھوٹا الزام لگایا جس پر لیاقت کھوسو قصبہ میں محبت کھوسو کی نگرانی میں جرگہ ہوا جس میں میرے بیٹے پر 16لاکھ جرمانہ عائد کیا گیا میں انتہائی غریب ہوں اتنے پیسے کہا ں سے لاؤں زبردستی عائد کیے گئے جرمانے کو اداکرنے کی طاقت نہیں اس لیے اپنی دوبیٹیاں اور دوپوتیوں کو بیچنے کے لیے یہاں آیا ہوں ان کو بیچ کر جرمانے کی رقم اد اکروں گا غلام رسول کٹوہر کے احتجاج کا ایس ایس پی جیکب آباد ظفراقبال ملک نے نوٹس لے لیا ہے رابطہ کرنے پر ایس ایس پی نے بتایاکہ ڈی ایس پی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے جو انکوائری کرکے رپورٹ دے گی جس پر کاروائی کی جائے گی