افتخار محمد چوہدری کا اپنی نئی سیاسی پارٹی پاکستان جسٹس آف ڈیموکریٹک کے نام سے بنانے کا عندیہ

جمعرات 10 ستمبر 2015 09:19

جعفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2015ء)سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے اپنی نئی سیاسی پارٹی پاکستان جسٹس آف ڈیموکریٹک کے نام سے بنانے کا عندیہ دیدیا ۔

(جاری ہے)

بدھ کو جعفرآباد پریس کلب کے صحافیوں سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ میری نئی سیاسی پارٹی کا نام پاکستان جسٹس آف ڈیموکریٹک پارٹی ہے جس کا جلد باضابطہ اعلان کردیا جائیگا، میری پارٹی بنانے کا مقصد ملک میں مظلوم طبقے کی حالت کو بہتر بنانے غریب کسان اور عام شہری کے بنیادی حقوق کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کرپشن کے ناسور کے لیئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی پارٹی میں وکلاء صحافی برادری اور عوام کے بہتر نمائندوں کو شامل کرنا پسند کروں گا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں پولیس اور پٹواری کلچر کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھانا ہوں گے میں اپنی پارٹی کا بنیادی آغاز دسمبر کے مہینے سے شروع کرنا چاہتا ہوں میرے پارٹی کے بنیادی مقاصد میں سیلف ہیلپ اور ریسپیکٹنگ شامل ہیں اس موقع پر سینئر قانون دان میر رفیق احمد بگٹی بھی موجود تھے۔