چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری کا نیب راولپنڈی بیورو کا دورہ ، کارکردگی کا جائزہ لیا، نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے پورے ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے،چیئرمین نیب،رینٹل پاور مقدمات میں سابق وفاقی وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف، سابق سیکرٹری،چیئرمین پیپکو اسماعیل قریشی، سابق سیکرٹری،چیئرمین پیپکو شاہد رفیع، سابق ایم ڈی پیپکو طاہر بشارت چیمہ اور دیگر کیخلاف 7، ریفرنس احتساب عدالتوں میں دائر کئے گئے ہیں،ڈائریکٹر جنرل نیب راوالپنڈی ظاہر شاہ کی بریفنگ

جمعہ 23 اکتوبر 2015 09:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23اکتوبر۔2015ء) قومی احتساب بیورو (نیب ) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے پورے ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، بدعنوانی قومی ترقی و خوشحالی میں اہم رکاوٹ ہے اس سے نہ صرف ناانصافی اور غربت کو فروغ ملتا ہے بلکہ میرٹ پر عمل نہ کر کے مستحق افراد کو ان کے حق سے محروم کر دیا جاتا ہے اس سے نہ صرف ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کا عمل متاثر ہوتا ہے بلکہ قومی خزانے کو بھاری نقصان ہوتا ہے وہ قو می احتساب بیورو ( نیب ) راوالپنڈی بیورو کے دورہ کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے ۔

انہوں نے راوالپنڈی بیوروکی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا،اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب راوالپنڈی ظاہر شاہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ انہیں مقدمات سے متعلق بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

بریفنگ کے دوران چیئرمین نیب کو بتایا گیا کہ نیب راولپنڈی نے سابق وفاقی وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف، سابق سیکرٹری/چیئرمین پیپکو اسماعیل قریشی، سابق سیکرٹری/چیئرمین پیپکو شاہد رفیع، سابق ایم ڈی پیپکو طاہر بشارت چیمہ اور دیگر کیخلاف کارکے بحری جہاز، پیراں غائب ملتان، سہاول سیالکوٹ، گدو سندھ، نوڈیرو ون، نوڈیرو ٹو سندھ، سمندری روڈ فیصل آباد سمیت 7 ریفرنس متعلقہ احتساب عدالت میں دائر کئے گئے ہیں جبکہ ان ملزموں کیخلاف رینٹل پاور مقدمات میں بکھری شیخوپورہ، میسرز گلف رینٹل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کے مقدمات تفتیشی مراحل میں ہیں جبکہ شرق پور پرائیویٹ لمیٹڈ، میسرز ریشماں پاور جنریشن رائیونڈ اور میسرز ینگ جنریشن پاور لمیٹڈ کے مقدمات تحقیقاتی مراحل میں ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب انسداد بدعنوانی کا سب سے بڑا ادارہ ہے جسے آگاہی اور قانون پر عملدرآمد کے ذریعے بدعنوانی کے خاتمے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، راولپنڈی بیورو نیب کا انتہائی اہم علاقائی بیورو ہے جس نے نیب کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ چیئرمین نیب نے نیب راولپنڈی بیورو کی کارکردگی کو سراہا اور تمام افسران کو کرپشن کے خاتمے کیلئے مزید لگن اور محنت سے کام کرنے کی ہدایت کی۔