نیب نے راولپنڈی میٹرو بس منصوبہ میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کی تحقیقات شروع کردیں، تحقیقات تحریک انصاف کی طرف سے منصوبہ میں مبینہ اربوں روپے کی کرپشن کی نشاندہی کی روشنی میں شروع کی گئیں

جمعہ 23 اکتوبر 2015 09:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23اکتوبر۔2015ء)نیب نے راولپنڈی میٹرو بس منصوبہ میں مبینہ طور پر اربوں روپے کی کرپشن کی تحقیقات شروع کردی ہیں ۔ یہ تحقیقات سیاسی جماعت تحریک انصاف کی طرف سے منصوبہ میں مبینہ اربوں روپے کی کرپشن کی نشاندہی کی روشنی میں کی گئی ہیں ۔ راولپنڈی میٹرو بس منصوبہ کی ابتدائی تحقیقات نیب راولپنڈی کے ڈائریکٹر جنرل کو سپرد کی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

نیب کے ایک ا علیٰ افسر نے آن لائن کو بتایا کہ میٹرو منصوبہ میں مبینہ طور پر مبینہ کرپشن بارے میڈیا رپورٹس اور سیاسی جماعتوں نے نشاندہی کی تھی یہ منصوبہ وفاقی حکومت اورپنجاب حکومت کا مشترکہ منصوبہ تھا منصوبہ کی کل لاگت پنتالیس ارب روپے سے زائد آئی ہے جس میں پچاس فیصد شیئر سی ڈی اے نے برداشت کئے تھے پی ٹی آئی کے علاوہ دیگر جماعتوں نے چیئرمین نیب سے اس منصوبہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا نیب نے سیاسی جماعتوں سے مطالبہ پر عمل کرتے ہوئے اس منصوبہ کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے اور منصوبے کاتمام ریکارڈ مجوزہ اداروں سے طلب کیا جارہا ہے نیب اس منصوبہ میں لاگت اور پیپرا رولز بارے بھی جائزہ لے گی اور ضرورت پڑنے پر وزیراعلیٰ پنجاب منصوبہ کے انچارج حنیف عباسی اور چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل سے بھی پوچھ گچھ کی جاسکتی ہے جبکہ منصوبہ کے ٹھیکیداروں کیخلاف بھی تحقیقات کی جائینگی