مسلم لیگ(ن) نے وزیر اور تحریک انصاف نے اہم عہدہ دینے کی پیشکش کی ،میں کسی بڑی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہونگا، آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن جیتا،یہ میرااچھا فیصلہ ہے ،یہی حیثیت برقراررکھونگا،اوکاڑہ کے حلقہ این اے 144سے منتخب آزاد امیدوار ریاض الحق جج کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 23 اکتوبر 2015 09:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23اکتوبر۔2015ء)اوکاڑہ کے حلقہ این اے 144سے ضمنی انتخاب میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے جیتنے والے ریاض الحق جج نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) نے وزیر اور تحریک انصاف نے اہم عہدہ دینے کی پیشکش کی لیکن میں کسی بڑی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہونگا، میں نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن جیتا،یہ میرابہت اچھا فیصلہ ہے ،یہی حیثیت برقراررکھونگا، لوگ اب اپنے حقوق کے بارے میں زیادہ شعور رکھتے ہیں۔

جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ریاض الحق جج نے کہا کہ اگر حلقے کے لوگوں نے کسی سیاسی جماعت کو ووٹ دینا ہوتا تو مجھے کامیاب نہ کراتے۔انہوں نے کہا کہ میں ان لوگوں کے جذبات کی قدر کرتا ہوں، جنہوں نے مجھے آزاد امیدوار کی حیثیت سے ووٹ دیا، اس لئے آزاد ہی رہونگا حالانکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی نے شمولیت کی پیشکش کی لیکن میں نے فیصلہ کیا کہ میں کسی بھی بڑی جماعت میں نہیں جاونگا۔

(جاری ہے)

اب لوگوں کی سوچ میں واضح تبدیلی آچکی ہے، لوگ اب اپنے حقوق کے بارے میں زیادہ شعور رکھتے ہیں ساہیوال،پاکپتن سمیت مختلف شہروں کے لوگ مجھے مبارکباد دے رہے ہیں کہ میرا یہ فیصلہ بہت اچھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آنے والے الیکشنز میں آپ دیکھیں گے کہ لوگ کس طرح سیاسی جماعتوں کی بجائے آزاد امیدواروں کو جتوائیں گے، واضح رہے کہ (ن) لیگ نے ان کو وفاقی وزیر بنانے جبکہ پی ٹی آئی نے اہم عہدہ دینے کی پیشکش کی تھی۔