نیب بدعنوانی کیخلاف زیرو ٹالرننس کی پالیسی پر عمل پیرا اور ملک بھر میں بلا امتیاز کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے، قمر زمان چوہدری ،انسداد بدعنوانی کے خاتمے کیلئے بلاامتیاز اور پیشہ وارانہ اہلیت کے ساتھ اپنے فرائض ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے،چیئرمین نیب کا ڈائریکٹرز جنرل کانفرنس سے خطاب

بدھ 28 اکتوبر 2015 09:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28اکتوبر۔2015ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب بدعنوانی کیخلاف زیرو ٹالرننس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ نیب آگاہی اور قانون پر عملدرآمد کے ذریعے ملک بھر میں بلاامتیاز کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے اور انسداد بدعنوانی کے خاتمے کیلئے بلاامتیاز اور پیشہ وارانہ اہلیت کے ساتھ اپنے فرائض ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے یہ بات ڈائریکٹرز جنرل کی سالانہ دو روزہ کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ ڈپٹی چیئرمین نیب امتیاز تاجور، پی جی اے اور تمام ڈائریکٹرز جنرلز نے کانفرنس میں شرکت کی۔ نیب کے آگاہی اور قانون پر عملدرآمد سے متعلق ڈائریکٹر جنرل نے کانفرنس کے دوران آگاہی اور قانون پر عملدرآمد کے حوالے سے سرگرمیوں کے بارے میں پریزنٹیشن دی اور بتایا کہ چیئرمین نیب کی ہدایت پر لوگوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے آگاہی اور قانون پر عملدرآمد کی بھرپور مہم شروع کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

نیب این اے او 1999ء کے سیکشن 33 سی کے تحت بدعنوانی کے خاتمے کیلئے آگاہی اور قانون پر عملدرآمد کا اختیار رکھتا ہے۔ نیب نے مثبت سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے جنگ میں مختلف سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی کو شامل کیا ہے۔ کرپشن کے خاتمے کیلئے اس سلسلے میں نیب نے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ بدعنوانی کے برے اثرات سے لوگوں کو آگاہ کرنے کیلئے ملک بھر کے تمام شیڈول بینکوں کی تمام اے ٹی ایم مشینوں پر نیب کا ”سے نو ٹو کرپشن“ کا پیغام درج کیا گیا ہے۔

نیب نے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر ایوان صدر اسلام آباد میں ایک سیمینار منعقد کیا۔ صدر پاکستان ممنون حسین نے اس سیمینار کی صدارت کی۔ نیب نے ایوان صدر میں ایک واک کا اہتمام کیا جس کی قیادت صدر پاکستان نے کی اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے نیب کی ”بدعنوانی کو ”نہ“ کہو“ مہم میں شرکت کی۔ نیب اور اعلیٰ تعلیمی کمیشن نے مختلف یونیورسٹیوں کے طالب علموں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں اس تعاون کی وجہ سے ملک کی مختلف یونیورسٹیوں میں کردار سازی کی 4 ہزار 30 انجمنیں قائم کی گئی ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس مہم میں نیب کا ساتھ دیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2015ء کی رونگی سے قبل نیب کی ”سے نو ٹو کرپشن“ مہم میں شرکت کی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تعاون سے پاکستان ہاکی ٹیم نے نیب کے پیغام ”سے نو ٹو کرپشن“ کو اجاگر کیا۔ پاکستان ٹیلی ویژن کے تعاون سے نغمہ ”سے نو ٹو کرپشن“ نشر کیا گیا۔

سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ، آئیسکو، لیسکو، گیپکو، فیسکو کے تعاون سے یوٹیلٹی بلوں پر نیب کا پیغام ”سے نو ٹو کرپشن“ چھاپا گیا۔ پاکستان پوسٹ کے تعاون سے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر خصوصی یادگاری ٹکٹ جاری کیا گیا جس پر نیب کا پیغام ”سے نو ٹو کرپشن“ درج تھا۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے تعاون سے تمام ڈرائیونگ لائسنسوں پر نیب کا پیغام ”سے نو ٹو کرپشن“ درج ہے۔

میریٹ ہوٹل اسلام آباد، سرینا ہوٹل اسلام آباد، اسلام آباد ایئر پورٹ اور بڑے شاپنگ پلازوں کے داخلی دروازوں پر نیب کا ”سے نو ٹو کرپشن“ کا پیغام درج ہے۔ اس موقع پر چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب بدعنوانی کیخلاف زیرو ٹالرننس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ نیب آگاہی اور قانون پر عملدرآمد کے ذریعے ملک بھر میں بلاامتیاز کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام فریقین کی مشترکہ کوششوں سے بدعنوانی کی روک تھام کی جا سکتی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ریسرچ نیب نے نیب کے نئے بھرتی ہونے والے تفتیشی افسران کی پولیس ٹریننگ کالج سہالہ میں تربیت سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نیب راولپنڈی اسلام آباد بیورو میں فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی گئی ہے۔ اس فرانزک سائنس لیبارٹری میں ڈیجیٹل فرانزک، سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹ کے تجزیئے کی جدید سہولیات میسر ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کرنے اور اسے فعال کرنے کا مقصد معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے بڑھتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نیب کو جدید آلات سے لیس کرنا ہے۔ ڈی جی ہیومن ریسورس مینجمنٹ نے ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈویژن نیب کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ نیب نے 2015ء کے دوران شفاف اور میرٹ پر مبنی طریقہ کار کے ذریعے جونیئر انوسٹی گیشن آفیسر (بی پی ایس 16) ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز (بی پی ایس 17)، ڈپٹی ڈائریکٹر (بی پی ایس 18) بھرتی کئے گئے ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ ہیومن ریسورس میں بہترین بنیادی ڈھانچے، معیاری اور مقداری بہتری، کام کیلئے مدت اور فرائض کا واضح تعین، ادارہ جاتی معاونت اور نگرانی کے ذریعے نیب قوم کی امنگوں پر پورا اترے گا۔ انہوں نے ادارے کے اندر بدعنوانی اور نااہلی کو قطعی طور پر برداشت نہ کرنے کی پالیسی پر عملدرآمد کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ ڈائریکٹرز جنرلز کانفرنس آپس میں رابطے اور ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کا بہترین موقع ہے۔ نیب انسداد بدعنوانی کا اعلیٰ قومی ادارہ ہے اور یہ بلاامتیاز پیشہ وارانہ اہلیت کے ساتھ اپنے فرائض ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

متعلقہ عنوان :