سلمان بٹ ، محمد آصف کو واپڈا ٹیم حکام نے میڈیا سے بات چیت سے روک دیا ، دونوں کھلاڑیوں کو پی سی بی کی ہدایت پر کراچی وائٹس کیخلاف میچ میں شامل نہیں کیا گیا ، دونوں نے صحافیوں سے بات کرنے کی کوشش کی تو واپڈا ٹیم اہلکار نے منع کردیا ،سلمان اور محمد آصف کرکٹ میں واپسی کی طرف گامزن ہیں، ان کے لیے میڈیا سے بات کرنے کا مناسب موقع نہیں،اہلکار واپڈاٹیم حسن مسعود

بدھ 28 اکتوبر 2015 09:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28اکتوبر۔2015ء) آئی سی سی کی جانب سے ہر طرز کی کرکٹ کھیلنے کے اہل قراردیے جانے کے باوجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ بولر محمد آصف کو واپڈا ٹیم حکام نے گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں قائد اعظم ٹرافی کے افتتاحی میچ کے دوران میڈیا سے بات چیت کرنے سے روک دیا۔دونوں کھلاڑیوں کو پی سی بی کی ہدایات کے مطابق کراچی وائٹس کے خلاف میچ کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا لیکن جب صحافیوں نے ان سے بات کرنے کی کوشش کی تو سلمان اور آصف نے واپڈا ٹیم کے اعلیٰ اہلکار حسن مسعود کی ہدایات پر میڈیا سے بات کرنے سے انکارکیا۔

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر آصف مسعود کے چھوٹے بھائی حسن مسعود نے صحافیوں سے کہاکہ "سلمان بٹ اور محمد آصف کرکٹ میں واپسی کی طرف گامزن ہیں لیکن یہ ان کے لیے میڈیا سے بات کرنے کا مناسب موقع نہیں ہے۔

(جاری ہے)

"جب ان سے کہاگیا کہ پی سی بی کے میڈیا ہیڈ امجد حسین بھٹی نے سلمان اور بٹ اور محمد آصف سے انٹرویو لینے کی اجازت دی ہے تو حسن کا موقف تھا کہ جب تک چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کی سطح کے پی سی بی حکام واپڈا ٹیم کی انتظامیے کو انٹرویو کی اجازت نہیں دیتے، اس وقت انٹرویو لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

حسن نے اصرار کرتے ہوئے کہاکہ" آپ لوگ سبحان احمد سے بات کریں اگر وہ متفق ہوں تو پھر میری طرف سے آپ کو سلمان اور آصف سے بات کرنے کی اجازت ہوگی۔ "ان کاکہناتھا کہ "اس وقت بہت ابہام پایاجاتاہے کہ دونوں کھلاڑی براہ راست فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کرسکتے ہیں یا نہیں لیکن اب تک حکام کی جانب سے واضح نہیں کیا گیا ہے کہ کب تک یہ دونوں واپڈا کی نمائندگی کرسکیں گے۔

ا سی لیے ہم نے انھیں اسکواڈ کے ساتھ رکھنے کا فیصلہ کیا کیونکہ ہوسکتا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں کسی وقت پی سی بی انھیں اجازت دے لیکن ہم اچھی خبر کے انتظار میں ہیں۔ "سلمان اور آصف نے نیشنل استیڈیم میں میچ کے دوران کھانے اور چائے کے وقفے پر ٹیم کے ساتھ ہلکی پھلکی پریکٹس بھی کی۔ان کے ساتھ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث فاسٹ باؤلر محمد عامر کی پیر کے روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پانچ برس بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی ہوئی۔ وہ لاہور بلیوز کے خلاف سوئی سدرن گیس کمپنی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔