پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنی ہے یا نہیں ؟، بھارتی کرکٹ بورڈ نے مودی سرکارسے اجازت مانگ لی،18 اور19 نومبر کو اہم اجلاس میں فیصلہ کر لیا جائیگا ،پاک بھارت سیریز نہ ہونے سے بھارت میں ہونے والے آئندہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان شرکت کرنے سے انکار کر سکتا ہے، بی سی سی آئی کا حکومت کو خط

بدھ 28 اکتوبر 2015 09:14

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28اکتوبر۔2015ء) بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے کے لئے مودی سرکارسے اجازت مانگ لی ہے،18 اور19 نومبر کو ہونے والے اہم اجلاس میں فیصلہ کر لیا جائیگا ۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے سیریز کھیلنے کیلئے بھارتی حکومت سے رابطہ کیا ہے ،بی سی سی آئی کی جانب سے نریندر مودی حکومت کو خط لکھا گیا ہے کہ جس میں کہا گیا ہے کہ کیا پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنی ہے یا نہیں ؟اس حوالے سے واضح طور پر آگاہ کیا جائے تا کہ پاکستانی حکام کو جواب دیا جاسکے،خط میں لکھا گیا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ فیوچر پروگرام کے تحت سیریز کھیلنی ہے اور اس حوالے سے گزشتہ دنو ں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام بھارت آئے تاہم شیوسینا کے احتجاج کے بعد مذاکرات منسوخ کر دیئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے دسمبر میں پاکستان سے سیریز کھیلنے کیلئے آمادگی ظاہر کی تھی اس حوالے سے حکومت کی اجازت لینا ضروری ہے ،خط میں کہا گیا ہے کہ پاک بھارت سیریز نہ ہونے سے بھارت میں ہونے والے آئندہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان شرکت کرنے سے انکار کر سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت نے بی سی سی آئی کی جانب سے خط لکھنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ 5 نومبر کو ریاست بہار میں الیکشن کے بعد جواب دیا جائیگا جبکہ دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ نے 18 اور19 نومبر کو اجلاس طلب کیا ہے جس میں حتمی فیصلہ کیا جائیگا کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنی ہے یا نہیں