امریکا ،عربی بولنے پر 2 مسافر فلائٹ سے بے دخل

اتوار 22 نومبر 2015 10:00

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22نومبر۔2015ء) امریکی ریاست شکاگو سے فلاڈلفیا جانے والی ساوٴتھ ویسٹ ایئرلائنز کی فلائٹ کے 2 مسافروں کو محض اس وجہ سے جہاز میں سوار ہونے سے روک دیا گیا کیونکہ وہ آپس میں 'عربی' بول رہے تھے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی کبر رساں کے مطابق مڈوے ایئرپورٹ پر مہر خلیل اور انس ایاز نامی 2 دوستوں کو گیٹ ایجنٹ نے کہا کہ انھیں جہاز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جاسکتی کیونکہ ایک مسافر نے ان دونوں کو آپس میں عربی میں بات کرتے ہوئے سنا ہے اور وہ ان کے ساتھ سفر کرنے کے حوالے سے خوفزدہ ہے۔

بعد ازاں مبینہ طور پر فلسطینی نژاد دونوں دوستوں سے ایئرپورٹ سیکیورٹی اور پولیس کی پوچھ گچھ کے بعد آخرکار انھیں ساوٴتھ ویسٹ فلائٹ پر سوار ہونے کی اجازت دے دی گئی۔جمعہ 13 نومبر کو فرانس کے دارالحکومت پیرس کے 6 مقامات پر فائرنگ اور خودکش حملوں کے واقعات میں 129افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے، ان حملوں کی ذمہ داری دولت اسلامیہ برائے عراق و شام (داعش) نے قبول کی تھی۔داعش کی جانب سے امریکا سمیت دیگر یورپی ممالک میں بھی حملوں کی دھمکی دی گئی ہے۔