پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں متنازع آؤٹ ، نیوزی لینڈ نے آنٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے جواب طلب کرلیا ،میرا نہیں خیال کہ ٹیکنالوجی میں کسی قسم کا مسئلہ تھا لیکن اس فیصلے کا میچ کے نتیجے پر اثر پڑا ہے ، ہمیں معقول جواب چاہیے ، کیوی کوچ

منگل 1 دسمبر 2015 09:03

ایڈیلیڈ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1دسمبر۔2015ء) نیوزی لینڈ نے تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں نازک موڑ پر ڈی آر ایس پر آسٹریلین بلے باز ناتھن لایون کو متنازع انداز میں ناٹ آوٴٹ قرار دیے جانے پر آئی سی سی سے جواب طلب کر لیا ہے۔آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کی پہلی اننگ 202 رنز کے جواب میں آسٹریلیا پہلی اننگ میں 118 رنز پر آٹھ وکٹیں گنوا کر شدید مشکلات سے دوچار تھی۔

اس موقع پر کیوی کھلاڑیوں نے آسٹریلین ٹیل اینڈر ناتھن لایون کے خلاف کیچ کی اپیل کی اور امپائر کی جانب سے اپیل مسترد کیے جانے پر نیوزی لینڈ نے ریویو لینے کا فیصلہ کیا۔ریویو میں ہاٹ اسپاٹ سے صاف ظاہر تھا کہ گیند بلے کو چھو کر گزری ہے جبکہ اس منظر کو دیکھ کر لایون نے بھی پویلین کی جانب چلنا شروع کردیا تھا تاہم گراؤنڈ میں موجود تمام ہی لوگوں خصوصاً نیوزی لینڈ کی ٹیم کو اس وقت شدید حیرت ہوئی جب لایون کو تھرڈ امپائر نیجل ایل لونگ نے ناٹ آوٴٹ قرار دیا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد اس وکٹ نے 74 رنز کی ریکارڈ اور فیصلہ کن شراکت قائم کی جس نے میچ کا پانسہ آسٹریلیا کے حق میں پلٹ دیا اور میچ کے تیسرے دن میزبان ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹ سے فتح اپنے نام کر لی۔اس واقعے پر شدید برہم نیوزی لینڈ کے کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ ہم نے اس فیصلے پر آئی سی سی سے رابطہ کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بارے میں کافی باتیں ہو رہی ہیں اور ہم نے آئی سی سی سے جواب طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی قابل قبول جواب کے منتظر ہیں۔

کیویز نے میچ ریفری روشن ماہنامہ سے رابطہ کر لیا ہے لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں کہ انہوں نے آئی سی سی کیا مطالبہ کیا ہے۔مائیک ہیسن نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ ٹیکنالوجی میں کسی قسم کا مسئلہ تھا لیکن اس فیصلے کا میچ کے نتیجے پر اثر پڑا ہے۔

متعلقہ عنوان :