نیشنل انشورنس کارپوریشن کے برطرف چودہ ایریا مینجرز کو سترہ برس بعد انصاف مل گیا، لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کے دوسرے دور میں برطرف کردہ ایریا مینجرزکو دو ہزار دس سے بحال کرنے اور ماضی کی مراعات ادا کرنے کا حکم دیدیا

منگل 8 دسمبر 2015 09:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8دسمبر۔2015ء) جسٹس عابد عزیز کی طرف سے جاری چودہ صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے کے مطابق ایریا مینجرز کو بحالی ملازمین قانون دوہزار دس کے تحت بحال کیا گیا ہے، ایریا مینجرز نے ہائیکورٹ میں موقف اختیار کیا تھا کہ انہیں انیس سو ستانوے اور اٹھانوے میں نواز شریف حکومت نے سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے برطرف کر دیا، پیپلزپارٹی نے دوہزار دس میں بحالی ملازمین قانون نافذ کیا جس کے تحت درجنوں ملازمین کو بحال کر دیا گیا ہے مگر درخواست گزاروں کے ساتھ امتیاز سلوک کیا جا رہا ہے، نیشنل انشورنس کارپوریشن کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایریا مینجرز پر یہ قانون لاگو نہیں ہوتا، انہیں گولڈن ہینڈ شیک دیا گیا، عدالت نے تفصیلی دلائل کے بعد محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چودہ ایریا مینجرز کو دو ہزار دس سے مراعات سمیت بحال کرنے کا حکم دیا ہے، بحال ہونے والے ایریا مینجرز میں نظر وڑائچ، محمد اصغر، افتخار احمد، ناصر محمود، رشید ملک، جاوید اقبال گوندل، سرفراز گھمن، قمر عبدالرحیم، عبدالغفور، عبدالمجید، رانا ذوالفقار، یسین طارق، ایوب رضوی اور نواز ب آتی شامل ہیں۔