مسلم لیگ (ن) وفاقی دارالحکومت میں اپنا میئر بنانے کی پوزیشن میں آگئی ،بلدیاتی انتخابات میں جیتنے والے 14 ارکان میں سے 9 نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کااعلان کردیا ، آزاد ارکا نے مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کااظہار کیا ہے ، ہم شکر گزار ہیں اور ان کو خوش آمدید کہتے ہیں، پارٹی کے دروازے ہر ایک کیلئے کھلے ہیں ، میئر اور ڈپٹی میئر کیلئے مشاورت جاری ، جلد اعلان کردیا جائیگا ، طارق فضل چوہدری کا آزاد ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 8 دسمبر 2015 09:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8دسمبر۔2015ء) اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں جیتنے والے 14 آزاد ارکان میں سے 9 ارکان نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کیلئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میئر لانے کی راہ ہموار ہوگئی ،9 آزاد ارکان نے وزیر مملکت کیڈ طارق فضل چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے (ن) لیگ میں شمولیت اختیار کی ۔

وزیر مملکت طارق فضل چوہدری نے کہا کہ آزاد ارکان نے مسلم لیگ (ن) اور میاں نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کااظہار کرتے ہوئے مکمل طورپر ساتھ دینے کا اعلان کردیا ہے ہم شکر گزار ہیں اور ان کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یونین کونسل نمبر 2 بری امام سے منتخب ہونے والے چیئرمین پیر عادل گیلانی ، یونین کونسل نمبر 11سے قاضی عادل عزیز ، یونین کونسل نمبر 14سہالہ سے چوہدری ندیم ، یونین کونسل نمبر 12 روات سے اظہر محمود ، یونین کونسل 30 جی سیون سے چوہدری نعیم علی ایڈووکیٹ ، یونین کونسل 20 علی پور سے ابرار حسین شاہ ، یونین کونسل 48 سے حاجی اعظم خان ، یونین کونسل47 ترنول ملک رضوان اور یوسی 45جھنگی سیداں سے حاجی گلفراز نے (ن) لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے دروازے ہر ایک کیلئے کھلے ہیں جو بھی پارٹی میں شامل ہونا چاہتا ہے ہم خوش آمدید کہیں گے ۔ طارق چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کی 38یونین کونسلوں میں سے (ن) لیگ نے 20، تحریک انصاف نے 16اور آزاد امیدواروں نے 14 سیٹیں حاصل کیں تھیں ۔9 آزاد ارکان کی (ن) لیگ میں شمولیت سے ہماری اکثریت 29 ہوگئی ہے میئر کیلئے ہمیں26 سیٹوں کی ضرورت ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میئر اور ڈپٹی میئر کیلئے مشاورت جاری ہے مسلم لیگ انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی بلاامتیاز خدمت جاری رکھے گی