ملک کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ،طویل خشک سردی کا خاتمہ

میدانی علاقوں میں دھند ختم ہفتہ تک ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کاسلسلہ جاری رہیگا،محکمہ موسمیات

بدھ 4 جنوری 2017 11:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4جنوری۔2017ء )ملک کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور پہاڑوں پر برفباری نے طویل خشک سردی کا خاتمہ جبکہ میدانی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور پہاڑوں پر برفباری نے خشک سردی اور دھند کا خاتمہ کردیا ہے خبر رساں ادارے کے مطابق خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، راولپنڈی اسلام آباد سمیت پوٹھو ہار ریجن اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور پہاڑوں پر برفباری نے خشک سردی اور دھند کا خاتمہ کردیا ہے۔

پشاور سمیت خیبر پختونخوا ، فاٹا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ گزشتہ رات سے ہی شروع ہوگیا تھا۔ اسلام آباد سمیت پوٹھوہار ریجن، لاہور اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں علی الصبح بوندا باندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوا۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر، سوات، گلیات اور مری میں برفباری نے جہاں موسم کو دلفریب بنا دیا ہے وہیں عوام کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں، چترال کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد لواری ٹاپ ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے جب کہ گلگت بلتستان میں بھی کئی رابطہ سڑکیں بند ہیں۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ہفتہ تک ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کاسلسلہ جاری رہیگا۔ خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، فاٹا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں کہیں کہیں جب کہ کوئٹہ اور ڑوب ڈویڑن میں چند مقامات پربارش اورپہاڑوں پربرفباری کاامکان ہے۔

متعلقہ عنوان :