سعودی عرب ، درجنوں غیر ملکی کارکنوں کو قید اور کوڑوں کی سزا

بدھ 4 جنوری 2017 11:18

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4جنوری۔2017ء)سعودی عرب میں اجرتوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج کرنے والے 49 غیر ملکی کارکنوں کو قید اور کوڑوں کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ یہ سزائیں ہنگاموں کے لیے اْکسانے اور احتجاج کے دوران سرکاری املاک کو نذرِ آتش کرنے پر سنائی گئی ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ان غیر ملکی کارکنوں نے کئی مہینے پہلے سعودی بن لادن گروپ کی جانب سے اجرتوں کی عدم ادائیگی پر مظاہرے کیے تھے۔

(جاری ہے)

ان غیر ملکی کارکنوں کی ایک نامعلوم تعداد کو پبلک پراپرٹی کو تباہ کرنے اور بد امنی کو ہوا دینے کے الزام میں چار چار ماہ کی قید اور تین تین سو کوڑوں کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ دیگر کو مکہ کی ایک عدالت کی جانب سے پنتالیس روز کی قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔تعمیراتی شعبے میں سرگرم یہ غیر ملکی کارکن زیادہ تر بن لادن گروپ اور ایک اور کمپنی اوگر کے ساتھ منسلک تھے۔ گزشتہ سال معدنی تیل سے ہونے والی آمدنی میں بڑے پیمانے پر کمی کے باعث سعودی عرب اْن پرائیویٹ کمپنیوں کو ادائیگی نہیں کر سکا تھا، جنہیں اْس نے اپنے مختلف منصوبے سونپ رکھے ہیں۔

متعلقہ عنوان :