پنجاب حکومت کے چینی زبان کے سکالر شپ پروگرام کے تحت فارغ التحصیل 66 پاکستانی طلبہ کے پہلے بیچ کی گریجویشن تقریب بیجنگ میں منعقد

اتوار 21 جنوری 2018 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 21 جنوری 2018ء) پنجاب حکومت کے چینی زبان کے سکالر شپ پروگرام کے تحت فارغ التحصیل 66 پاکستانی طلبہ کے پہلے بیچ کی گریجویشن تقریب بیجنگ لینگویج اینڈ کلچرل یونیورسٹی میں منعقد ہوئی۔ اتوار کو یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق چین میں پاکستانی سفیر مسعود خالد نے اس پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلباء کو پروگرام کی تکمیل پر مبارکباد دی اور انہیں نصحیت کی کہ پاکستان اور چین کے مابین دوستی کو مزید مستحکم کرنے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔

مسعود خالد نے کہا کہ تعلیمی تعاون اور عوام سے عوام کے رابطے پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ تعلقات میں اہمیت کے حامل ہیں جس کے ذریعے دونوں ممالک کی سول سوسائٹیوں کے مابین روابط کی تشکیل میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ طلبہ کو چاہئے کہ پاکستان کی ترقی کی جانب اپنی کوششوں کو تیز تر کرنے میں کردار ادا کریں۔ بیجنگ لینگویج اینڈ کلچرل یونیورسٹی کے صدر لیولی نے دونوں ممالک کے مابین تعلیمی تعاون کے فروغ میں یونیورسٹی کے کردار پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ ان کی یونیورسٹی تعاون کے فروغ اور مستقبل میں مزید پاکستانی طلبہ کا خیر مقدم کرتی رہے گی۔ تقریب میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر رئوف اعظم، حکومت پنجاب اور بیجنگ لینگویج اینڈ کلچرل یونیورسٹی کے فیکلٹی اراکین کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :