چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسلام آباد سے لاہور تک کا سفر کرنے کیلئے ریلوے کا انتخاب کیا، سفر سے محظوظ ہوئے

چیئرمین سینیٹ کا لاہور میں پاکستان ریلویز کے محمد جاوید انور اور ڈویڑنل سپرنٹنڈنٹ سفیان سرفراز ڈوگر نے استقبال کیا

اتوار 15 اپریل 2018 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 15 اپریل 2018ء)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اسلام آباد سے لاہور تک کا سفر کرنے کے لیے ریلوے کا انتخاب کیا، اور سفر سے محظوظ ہوئے۔ترجمان پاکستان ریلویز کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ محکمہ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جانب سے لاہور کے سفر کیلئے ٹرین کے انتخاب پر ان کا شکر گزار ہے۔

چیئرمین سینیٹ کا لاہور میں پاکستان ریلویز کے محمد جاوید انور اور ڈویڑنل سپرنٹنڈنٹ سفیان سرفراز ڈوگر نے استقبال کیا۔پاکستان ریلویز کی انتظامیہ نے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے انہیں گلدستہ پیش کیا جبکہ وفاقی وزیر کی ہی ہدایت پر انہیں مکمل پروٹوکول کے ساتھ اضافی سیکیورٹی بھی فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ لاہور اسٹیشن پر پہنچے اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کیے بغیر گورنر ہاؤس کیلئے روانہ ہوئے۔

علاوہ ازیں ترجمان پاکستان ریلویز کا کہنا تھا کہ محکمہ اپنے مسافروں کا بھی شکر گزار ہے جنہوں نے دوران سفر ریلوے میں آنے والی بہتری کو سراہا۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی 16 اپریل پیر کی صبح ساڑھے 9 بجے شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دیں گے۔علاوہ ازیں چیئرمین سینیٹ لاہور کے مقامی ہوٹل میں اپنے ایک عزیز کی شادی کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔