حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں گندم خریداری کے عمل کا آغاز کر دیا گیا

اتوار 15 اپریل 2018 23:00

لالہ موسیٰ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 15 اپریل 2018ء)حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں گندم خریداری کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے ، ضلع میں گندم خریداری کیلئے پانچ مراکز پر تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جہاں باردانہ کے اجراء کیلئے درخواستوں کی وصولی آج سے شروع ہو کر 20اپریل تک جاری رہے گی، اظہار ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے انتظامی افسران، فوڈ ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران کے نام مراسلہ میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق ضلع گجرات کے مراکز خریداری گجرات، منگوال، ڈنگہ، جلالپور جٹاں اور لالہ موسیٰ میں قائم کئے گئے ہیں جہاں عملہ کی تعیناتی کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے۔

انہوںنے بتایا کہ حکومت پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات کے مطابق مراکز خریداری پر باردانہ کے اجراء کیلئے 10 ایکٹر اراضی تک کے مالکان درخواست دے سکتے ہیں، باردانہ کے اجراء کیلئے 20اپریل تک درخواستوں کی وصولی کے بعد 21اپریل سے لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا عملہ ان درخواستوں کی سکروٹنی کرے گا ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے مراکز خریداری گندم کے عملہ کو ہدایت کی کہ باردانہ کے اجراء کیلئے ہر درخواست کی وصولی کی رسید جاری کی جائے گی جس کیلئے ہدایات پہلی ہی جاری کی جاچکی ہے تاہم باردانہ کی تعداد کا فیصلہ کیبنٹ کمیٹی کریگی۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور سنٹرز کے انچارج افسران کو ہدایت کی کہ تمام مراکز خریداری گندم پر کسانوں کے لئے سایہ، پینے کیلئے پانی، بیٹھنے کیلئے کرسیوں اور پنکھوں کا انتظام یقینی بنایا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع گجرات میں گندم خریداری کے حوالے سے شکایات کے ازالہ کیلئے مرکز ، تحصیل ، ضلع سطح پر پہلے ہی کمیٹیاں تشکیل دی جاچکی ہیں۔

متعلقہ عنوان :