ہارون بلور اے این پی کی سیاست اور بلور خاندان کے ایک اور شہید بن گئے

ہارون کو بدقسمتی سے ہم الیکشن میں لے کر آئے لیکن ہمیں ہرگز یہ نہیں پتہ تھا کہ ہارون بلور کے ساتھ یہ سب ہوگا،الیاس بلور

بدھ 11 جولائی 2018 23:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 11 جولائی 2018ء): ہارون بلور اے این پی کی سیاست اور بلور خاندان کے ایک اور شہید بن گئے۔اے این پی کے رہنما الیاس بلور کا کہنا تھا کہ ہارون کو بدقسمتی سے ہم الیکشن میں لے کر آئے لیکن ہمیں ہرگز یہ نہیں پتہ تھا کہ ہارون بلور کے ساتھ یہ سب ہوگا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اے این پی کے رہنما ہارون بلور ایک خود کش دھماکے کے نتیجے میں شہید ہو گئے تھے۔

ہارون بلور کی نماز جنازہ پشاور میں وزیر باغ میں ادا کر دی گئی ہے۔نمازہ جنازہ میں بڑی تعداد میں سیاسی شخصیات اور شہریوں نے شرکت کی ہے۔جب کہ اے این پی کے رہنما اور کارکنان نے بھی جنازے میں بڑی تعداد میں شرکت کی۔ہاورن بلور کا جسد خاکی ان کے آبائی قبرستان پہنچا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ہاورن بلور کو اپنے والد کے پہلو میں پیر سید حسین شاہ قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

یاد رہے ہارون بلور کی شہادت کے بعد عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے اپنی انتخابی مہم بھی روک دی ہے۔یکہ توت خودکش حملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔خود کش حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا ہے، مقدمہ ایس ایچ او تھانہ آغا میر جانی شاہ واجد علی کی مدعی میں درج کیا گیا جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

ہارون بلور کے قریبی عزیز اور اے این پی کے رہنما الیاس بلور نے بتایا کہ 2001 یا 2002 میں جب ہارون بلور واپس آئے تو انکا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا ۔الیاس بلور کا کہنا تھا کہ ہارون کو بدقسمتی سے ہم الیکشن میں لے کر آئے لیکن ہمیں ہرگز یہ نہیں پتہ تھا کہ ہارون بلور کے ساتھ یہ سب ہوگا۔یاد رہے کہ ہارون بلور نے سنہ 2012 میں عملی سیاست کا آغاز بلدیاتی انتخابات سے کیا۔

انھوں نے پشاور میں ہونے والا بلدیاتی انتخاب جیتا۔ اس کے بعد انھوں نے پارلیمانی سیاست میں متحرک کردار ادا کرنا شروع کیا۔ بشیر احمد بلور کی ہلاکت کے بعد ہارون بلور خیبر پختونخوا میں وزیر اعلیٰ کے مشیر رہے تھے۔ اس مرتبہ وہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 78 سے انتخاب میں حصہ لے رہے تھے جبکہ ان کے چچا غلام احمد بلور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 31 سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔