صدیق الفاروق کی چئیرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کے عہدے سے برطرفی کا فیصلہ برقرار،سپریم کورٹ نے نظرثانی کی درخواست مسترد کر دی

بدھ 1 اگست 2018 23:55

اسلام آباد ۔ یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 1 اگست 2018ء) سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما صدیق الفاروق کی جانب سے ان کی برطرفی کے حوالے سے فیصلہ کیخلاف دائر نظر ثانی کی درخواست خارج کردی ہے اور بطور چئیرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ان کی برطرفی کا فیصلہ برقرار رکھا ہے، بدھ کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی تین رکنی بینچ نے سماعت کی، اس موقع پر چیف جسٹس نے کہاکہ کہ صدیق الفارق کی تقرری اقرباپروری اور سیاسی بنیادوں پر ہوئی تھی ، جس کوعدالت نے کالعدم قرار دیا ہے ، لیکن برطرفی کے بعد صدیق الفاروق نے عدلیہ کے بارے میں توہین آمیز ریمارکس دئیے ہیں ٹی وی پروگرام میں صدیق الفاروق کی جانب سے کی گئی گفتگو توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے، چیف جسٹس نے مزید کہاکہ صدیق الفارق نے بطور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ میں کوئی کام نہیں کیا، اب تو ایسے بھی نئی حکومت آنے والی ہے، جو نیا چیئرمین لگائے گی ، صدیق الفاروق عہدے کی مدت معیاد پہلے ہی پوری کر چکے تھے، بعدازاں عدالت نے نظر ثانی کی درخواست خارج کردی۔