سعودی عرب: ’جیسا کرو گے ویسا بھرو گے‘

لوگوں کی گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے والا خود آگ کی لپیٹ میں آ گیا

بدھ 1 اگست 2018 12:54

دمام (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 1 اگست 2018ء)سوشل میڈیا پر اس وقت ایک ویڈیو بہت زیادہ وائرل ہو گئی ہے جس میں ایک نوجوان شخص کی جانب سے کسی دُوسرے شخص کی کار کو نذرِ آتش کرنے کی کوشش کی جاتی ہے مگر اپنی اس تخریبی کارروائی کے دوران وہ خود بھی گاڑی کو لگنے والی آگ کی لپیٹ میں آ جاتا ہے اور بمشکل اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوتا ہے۔

اس دوران اُس کے جسم کا کچھ حصّہ آگ کی وجہ سے جل جاتا ہے۔ اس ویڈیو کو لوگوں نے ’جیسا کرو گے ویسا بھرو گے‘ کا عنوان دیا ہے۔ اس مختصر ویڈیو میں ایک سعودی نوجوان اپنی کار سے اُتر کر قریب کھڑی ایک سعودی شخص کی کار کے پاس جاتا ہے۔ جس میں اُس وقت کوئی بھی سوار نہیں ہے۔دائیں بائیں دیکھ کر تسلّی کرتا ہے کہ کوئی دوسرا شخص تو موجود نہیں ہے اور پھر سعودی کی کار کو آگ لگا دیتا ہے مگر اس تخریبی حرکت کے دوران اُس کے کپڑوں کو بھی آگ لگ جاتی ہے ‘ جس پر وہ خوفزدہ ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خود کو لگی آگ بُجھانے کے لیے وہ سڑک پر دائیں بائیں اُچھل کُود کرتا نظر آ رہا ہے ۔ وہ اپنے کپڑوں کو لگی آگ بُجھانے میں کامیاب تو ہو جاتا ہے مگر آگ کی وجہ سے جسم کا کچھ حصّہ جلنے پر خاصی تکلیف میں دکھائی دیتا ہے۔ اس کے بعد وہ تیزی سے کار میں بیٹھ کر موقع سے فرار ہو جاتا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کے مطابق یہ واقعہ سعودی عرب کے صوبے دمام میں رُونما ہوا۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مذکورہ نوجوان کی جائے وقوعہ پر موجود کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں کے باعث شناخت ہو چکی ہے‘ یہ شخص اس سے پہلے بھی آتش زنی کی کئی کارروائیوں میں ملوث ہے ‘ یہاں تک کہ اپنی ماں اور چچا کی گاڑیوں کو بھی اپنی تخریبی سوچ کے تحت نذرِ آتش کر چکا ہے۔ پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: