چوہدری نثار کی ن لیگی قیادت سے صلح کی آخری کوشش بھی دم توڑ گئی

آپ کی محبتوں اور نیک تمنائوں کا بہت شکریہ،نوازشریف نے عیادت کیلئے پیغام ٹھکرادیا نثار ن لیگ کی قیادت کی سرد مہری سے دلبرداشتہ ہو کر سیاست چھوڑنے کے لئے بھی مشورے کررہے ہیں،قریبی حلقے

بدھ 1 اگست 2018 22:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 1 اگست 2018ء) قومی اسمبلی کے دو حلقوںسے شکست اور پنجاب اسمبلی کے ایک حلقے سے فتح کے بعد چوہدری نثار علی خان کی مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے صلح کی آخری کوشش بھی دم توڑ گئی ہے ۔مصدقہ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز چوہدری نثار علی خان کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہبازشریف کے ذریعہ یہ پیغام نوازشریف تک پہنچایا گیا تھا کہ وہ عیادت کے لئے پمز ہسپتال حاضر ہونا چاہتے ہیں لیکن میاں نوازشریف نے یہ کہہ کر درخواست کو رد کردیا کہ آپ کی محبتوں اور نیک تمنائوں کا بہت شکریہ ۔

واضح رہے کہ چوہدری نثار علی خان کواس بار مسلم لیگ ن کی طرف سے ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے قومی اسمبلی کے دو حلقوں سے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا اور اپنے دیرینہ حریف غلام سرور خان سے بری طرح ہار گئے تاہم پنجاب اسمبلی کی ایک نشست پر وہ کامیاب ہوئے ۔

(جاری ہے)

چوہدری نثار کی طرف سے گزشتہ ایک ہفتے میں مسلم لیگ ن کی قیادت سے صلح جوئی کی کئی کوششیں کی گئیں ، چوہدری نثار ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کر پائے کہ پنجاب اسمبلی کے ممبر بھی رہیں گے یانہیں ۔چوہدری نثار کے قریبی حلقوں یہ بھی کہنا کہ وہ ن لیگ کی قیادت کی سرد مہری سے دلبرداشتہ ہو کر سیاست چھوڑنے کے لئے بھی مشورے کررہے ہیں۔