سعودی عرب: پولیس نے کِکی ڈانس چیلنج کی مرتکب خاتون کو گرفتار کر لیا

خاتون کی گرفتاری ڈانس کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عمل میں آئی

بدھ 1 اگست 2018 11:44

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 1 اگست 2018ء) سعودی پولیس نے ایک خاتون کی جانب سے سڑک پر کیے جانے والے کِکی ڈانس کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعداُسے گرفتار کیا ہے۔ ویڈیو میں خاتون نے کینڈین گلوکار ڈریک کے گانے ’اِن مائی فیلنگ‘ کی دُھن پر ڈانس کیا تھا۔ جس کی اُس نے بعد میں خود ہی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کر ڈالی۔

اس ویڈیو کے سامنے آنے پر سوشل میڈیا کے سعودی صارفین کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آیا جنہوں نے خاتون کو سرِ عام سڑک پر ناچنے اور غیر مناسب لباس پہننے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ خاتون کو سعودی قانون کے مطابق تین ماہ کے لیے جیل کی ہوا کھانی پڑ سکتی ہے۔ پولیس نے خاتون پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے‘ غیر مناسب لباس پہننے اور عوام کے سامنے ناچنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔

(جاری ہے)

کِکی ڈانس کی مقبولیت کینڈین گلوکار ڈریک کی جانب سے ریلیز کیے گانے کے بعد ہوئی‘ جس میں گاڑی چلانے والا ڈریک کا گانا ’اِن مائی فیلنگ‘ پلے کرتا ہے پھرگاڑی کی سپیڈ ہلکی کر کے اچانک دروازہ کھول کر باہر آ جاتا ہے اور سڑک کے عین درمیان گانے کی دُھن پر ناچنے لگتا ہے۔ اسے کِکی ڈانس چیلنج کا نام دیا جاتا ہے۔ اس وقت دُنیا بھر میں ہزاروں لوگ اپنے کِکی ڈانس کی ویڈیو سوشل میڈیا چینلز پر پوسٹ کر رہے ہیں۔

سعودی حکام کے مطابق یہ عمل انتہائی خطرناک ہے کیونکہ چلتی گاڑی کو یوں اچانک بغیر ڈرائیور کے چھوڑ دینا دُوسری گاڑیوں کے لیے خطرناک حادثے کا باعث بن سکتا ہے۔ جبکہ ڈانس کرنے والا خود بھی سڑک سے گزرنے والی کسی تیز رفتار گاڑی کی زد میں آ سکتا ہے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کِکی ڈانس کرنے والوں پر دو ہزار اماراتی درہم کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے‘ ساتھ ساتھ اُن کے ڈرائیونگ لائسنس پر 23 بلیک پوائنٹس کے اندراج کے علاوہ گاڑی بھی ساٹھ دِن کے لیے ضبط کر لی جائے گی۔