عمران خان نے مجھے پنجاب اسمبلی کا سپیکر بنانے کیلئے گرین سگنل دے دیا ہے، پرویز الٰہی

صوبائی نشست چھوڑنے سے منع کیا ہے، ہم تحریک کی غیر مشروط حمایت کریں گے، کچھ لوگ عمران خان کو کامیاب ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے،نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 1 اگست 2018 21:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 1 اگست 2018ء)مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان نے مجھے پنجاب اسمبلی کا سپیکر بنانے کے لئے گرین سگنل دے دیا ہے اور صوبائی نشست چھوڑنے سے منع کیا ہے۔ ہم تحریک کی غیر مشروط حمایت کریں گے، کچھ لوگ عمران خان کو کامیاب ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے ۔

بدھ کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ میرے خلاف نیب کے تمام مقدمات ختم ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے دعوٰی کیا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مجھے پنجاب اسمبلی کا سپیکر بنانے کا عندیہ دیا ہے۔ اسی لئے صوبائی نشست چھوڑنے سے بھی منع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم غیر مشروط طورپر تحریک انصاف کی حمایت کرکے عمران خان کو کامیاب بنائیں گے کیونکہ کچھ لوگ عمران خان کو کامیاب ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے ۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے نومنتخب ممبران صوبائی اسمبلی مجھ سے رابطے میں ہیں اور حمایت کا یقین دلایا ہے وقت آنے پر نام بھی سامنے لائوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا خاندان 80سال سے سیاست میں ہے اور ہم کام میں مہارت رکھتے ہیں ۔ ہماری کاوشوں کے نتائج سب کے سامنے آجائیں گے۔