نئے وزیر اعظم کی حلف برداری کی تقریب میں سربراہان مملکت کو مدعو کرنے پر غور

تحریک انصاف نے بھارتی وزیر اعظم سمیت عامر خان، کپل دیو، سنل گواسکر سمیت کئی نامور ستاروں کو بھی دعوت نامے بھجوا ئے ہیں،فواد چوہدری کی نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 1 اگست 2018 22:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 1 اگست 2018ء)پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ ان کی جماعت نے وزیر اعظم کی حلف برداری کی تقریب میں سربراہان مملکت کو مدعو کرنے کے لیے دفتر خارجہ سے بات کی ہے۔بدھ کو فواد چوہدری نے نجی ٹی وی کو و بتایا کہ تحریک انصاف نے دفتر خارجہ سے اعلی رتبہ رکھنے والے غیر ملکی افراد جن میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بھی شامل ہیں کو تقریب کے لیے مدعو کیے جانے کے اماکانات پر رائے طلب کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی جماعت دفتر خارجہ کے جواب کی منتظر ہے۔علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ ان کی جماعت نے عامر خان، کپل دیو، سنل گواسکر سمیت کئی نامور ستاروں کو بھی دعوت نامہ بھیج دیا ہے۔ چیف جسٹس سے اپنی ملاقات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وہ سپریم کورٹ کے سینیئر وکیل ہیں جس کی وجہ سے وہ چیف جسٹس سے ملاقات کے لیے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اداروں کے درمیان فاصلے کم کرنا چاہتی ہے کیونکہ ہم تمام اداروں کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔انہوں نے دعوی کیا کہ سپریم کورٹ کے ججز نے انہیں اور تحریک انصاف کو جیتنے پر مبارک باد پیش کی ۔