اسرائیلی عدالت نے فلسطینی شاعرہ کو پانچ ماہ قید کی سزا سنا دی

بدھ 1 اگست 2018 18:09

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 1 اگست 2018ء) اسرائیل کی مجسٹریٹ عدالت نے شمالی فلسطین کے مقبوضہ شہر الرینہ سے تعلق رکھنے والی فلسطینی شاعرہ اور دانشور دارین طاطور کو پانچ ماہ قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔اسرائیلی اخبار کے مطابق دارین طاطور کو سوشل میڈیا کے صفحات پر اپنی ایک نظم پوسٹ کرنے پر حراست میں لیا گیا اور اس پر مقدمہ چلایا گیا۔

(جاری ہے)

اخبار کے مطابق بیت المقدس کی مجسٹریٹ عدالت نے شمالی فلسطین سے تعلق رکھنے والی شاعرہ دارین طاطور کو پانچ ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔36 سالہ طاطور کو اس سے قبل اکتوبر 2015ء میں بھی اسرائیل مخالف نظمیں لکھنے اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ان کی ایک نظم ’مزاحمت اے میری قوم مزاحمت جاری رکھ‘ نے کافی شہرت پائی تھی ۔نومبر 2015ء میں اسرائیلی پراسیکیوٹر جنرل نے دارین طاطور پر دہشت گرد تنظیم کی حمایت کی پاداش میں فرد جرم پیش کی تھی ۔جنوری 2016ء میں شاعرہ کو گھر پر نظر بند رکھنے کی سزا سنائی گئی تھی۔