بحرین میں نرس پر حملہ کرنے والے بھارتی باشندے کو 3 سال کی قید ہو گئی

بھارتی نوجوان نے نرس پر حملہ کر کے زمین پرگرانے کے بعد اس کے چہرے پر گھونسے مار کر زخمی کر دیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 24 جون 2020 13:49

بحرین میں نرس پر حملہ کرنے والے بھارتی باشندے کو 3 سال کی قید ہو گئی
منامہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24جون 2020ء) بحرین میں مقیم ایک بھارتی نوجوان کونرس کی مار پیٹ کرنے پر عدالت نے تین سال قید کی سزا سُنا دی۔ اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بحرینی عوام بھڑک اُٹھے تھے ۔ تفصیلات کے مطابق غیر مُلکی نرس ڈیوٹی کے بعد گھر جا رہی تھی جب ایک بھارتی نوجوان نے اُسے سنسان سڑک پر اچانک روک کر اس کی مار پیٹ شروع کر دی۔

نوجوان نے نرس کو بالوں سے پکڑ کر اس کا سر گاڑی کے بونٹ پر مارا، جس کے بعد وہ زخمی ہو کر سڑ ک پر گر پڑی۔ملزم نے نرس کے پاس موجود پرس چھیننے کی کوشش کی تاہم جب نرس نے مزاحمت کی تو نوجوان نے اس کے چہرے پر لگاتار کئی زوردار مُکے برسائے جس کے باعث نرس کا چہرہ بُری طرح سے زخمی ہو گیا۔ تاہم اسی دوران کہیں سے دو افراد نرس کی چیخ و پکار سُن کر آ گئے تو ملزم جائے واردات سے فرار ہو گیا۔

(جاری ہے)

یہ واقعہ سلمانیہ کے علاقے میں سینٹ میری انڈین آرتھو ڈوکس کیتھڈرل کے قریب پیش آیا تھا۔ 32 سالہ نرس نے پولیس کو بتایا کہ وہ 2012 ء سے اپنے خاوند کے ساتھ بحرین میں مقیم ہے۔ ملزم نے جب اچانک سے اس پر اس قدر پُرتشدد حملہ کیا تو وہ پریشان ہو گئی کہ اس کے ساتھ آخر ہو کیا رہا ہے۔ زخمی خاتون نے اسی وقت پولیس کو فون کیا ۔ جس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد 27 سالہ بھارتی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

نرس اور جائے واردات پر پہنچنے والے دو عینی شاہدین نے ملزم کو شناخت کر لیا۔ ملزم کا عدالت میں کہنا تھا کہ واردات سے قبل اس نے کئی گھنٹے شراب پی تھی، جس کے زیر اثر اس سے یہ ظالمانہ واردات ہوئی۔ شراب کے زیر اثر اسے یہ بھی معلوم نہیں کہ کب اس نے نرس پر حملہ کیا اور اس سے پرس چھیننے کی کوشش کی۔ اس نے جو کچھ بھی کیا، نشے کی حالت میں کیا۔ تاہم عدالت نے اسے تین سال قید کی سزا سُنا دی۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ملزم کو نرس کی وحشیانہ ڈھنگ سے مار پیٹ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں