بحرین میں سرمایہ کاروں کے لیے گولڈن لائسنس متعارف

گولڈن لائسنس مقامی اورغیر ملکی کمپنیوں کو دیا جائے گا۔ مقامی میڈیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 4 اپریل 2023 13:39

بحرین میں سرمایہ کاروں کے لیے گولڈن لائسنس متعارف
منامہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 اپریل 2023ء ) خلیجی ملک بحرین نے سرمایہ کاروں کے لیے گولڈن لائسنس متعارف کروادیا۔ گلف بزنس کے مطابق بحرین نے کہا ہے کہ وہ ملک میں سرمایہ کاری کے بڑے منصوبے لانے والی کمپنیوں کے لیے ایک نیا گولڈن لائسنس متعارف کروا رہا ہے، گولڈن لائسنس مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں کو دیا جائے گا اور اس کے فوائد میں ترجیحی طور پر زمین، انفراسٹرکچر اور سرکاری خدمات تک آسان رسائی اور سرکاری ترقیاتی فنڈز سے معاونت شامل ہیں۔

اس حوالے سے حکومت کے میڈیا آفس نے کہا ہے کہ بڑی سرمایہ کاری اور اسٹریٹجک پراجیکٹس والی کمپنیاں جو بحرین میں 500 سے زیادہ ملازمتیں پیدا کریں گی یا جن کی سرمایہ کاری کی مالیت 50 ملین ڈالر سے زیادہ ہے، وہ لائسنس کے لیے اہل ہوں گی، بحرین کا یہ اقدام اقتصادی بحالی کے منصوبے کا حصہ ہے جو اکتوبر 2021ء میں ترقی اور روزگار کی تخلیق کو فروغ دینے کے لیے شروع کیا گیا تھا جب کہ بحرین کے بڑے خلیجی ہمسایہ ممالک متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب بھی پچھلے کچھ برسوں میں ٹیلنٹ اور بیرونی سرمایہ کاری کے لئے اپنے ویزا سسٹم اور قوانین میں اصلاحات کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہبحرین خلیج کی سب سے زیادہ مقروض ریاستوں میں سے ایک رہا ہے اور اسے 2018 میں امیر پڑوسیوں نے 10 بلین ڈالر کے امدادی پیکج کے ساتھ ضمانت دی تھی جس کا مقصد 2024ء تک مالی توازن حاصل کرنا تھا، بحرین کی معیشت کو تیل کی بلند قیمتوں سے کافی مدد ملی اور 2022ء میں حقیقی مجموعی گھریلو پیداوار میں 4.9 فیصد اضافہ ہوا، جو کہ 2013ء کے بعد بلند ترین شرح ہے، 2022ء میں تیل کی آمدنی کے علاوہ جی ڈی پی کی شرح نمو 6.2 فیصد تھی جو کہ بحالی کے منصوبے کے مقرر کردہ 5 فیصد ہدف سے زیادہ تھی۔

منامہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں