قطر کے سعودیہ، امارات اور دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ اختلافات جلد ختم ہونے کا امکان ہے

کویتی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودیہ ، بحرین، امارات اور مصر کی جانب سے قطر کا بائیکاٹ ختم کرانے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 5 دسمبر 2020 10:14

قطر کے سعودیہ، امارات اور دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ اختلافات جلد ختم ہونے کا امکان ہے
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 دسمبر2020ء) 2017ء میں قطر کے خطے کے دوسرے عرب ملکوں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کے ساتھ اختلافات پیدا ہوگئے تھے جس کے بعد ان ممالک نے دوحا کے ساتھ سفارتی اور معاشی تعلقات معطل کردیے تھے۔تعلقات کی اس خرابی پر عالم اسلام میں گہری تشویش پائی جاتی ہے کیونکہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کی وجہ سے بھی خلیجی خطے میں بہت تقسیم پائی جاتی ہے۔

تاہم خلیجی ریاست کویت کے وزیر خارجہ الشیخ احمد ناصر المحمد الصباح نے بتایا ہے کہ قطر اور دوسرے عرب ملکوں کے درمیان پائے جانے والے اختلافات دور کرنے کے لیے مثبت بات چیت جاری ہے۔ العربیہ نیوز کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر کی جانب سے قطر کے معاشی اور سفارتی بائیکاٹ کے خاتمے اور قطر کے ساتھ ان ممالک کے جاری بحران کے حل کے لیے نتیجہ خیز بات چیت ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

کویتی وزیر کا کہنا تھا کہ تنازع میں شامل تمام فریقین نے بحران کے حل اور خلیجی اور عرب یکجہتی اور استحکام کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امیر کویت الشیخ نواف الاحمد اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خلیجی ملکوں میں پائے جانے والے اختلافات دور کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔خلیجی ریاست سلطنت عمان نے بھی خلیجی بحران کے خاتمے کے لیے کویت کی کوششوں کو سراہا ہے۔عمانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں? کہا گیا ہے کہ امیر کویت اور امریکی صدر کی طرف کی طرف سے خلیجی ریاستوں میں اختلافات کے حل کی کوششوں کا مقصد اس بات کا ثبوت ہے کہ امن کے لیے کوششیں کرنے والے ممالک اور رہ نما خلیجی اور عرب اقوام کے خیر خواہ ہیں۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں