کویت نے ویکسین یافتہ گھریلو کارکنان پر قرنطینہ کی پابندی ختم کردی

گھریلو ملازم اور دیگر کارکن ہوٹل قرنطیہ کے بغیر اپنے کفیل کے پاس براہ راست آسکیں گے

Sajid Ali ساجد علی منگل 7 ستمبر 2021 17:27

کویت نے ویکسین یافتہ گھریلو کارکنان پر قرنطینہ کی پابندی ختم کردی
کویت ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 ستمبر 2021ء ) کویت کی کابینہ کی جانب سے فلپائن ، بھارت ، بنگلہ دیش اور سری لنکا سے آنے والے ویکسین یافتہ گھریلو عملے کو ہوٹل قرنطینہ کی پابندی سے مستثنی قرار دے دیا ، جس کے تحت ایسے گھریلو ملازم اور دیگر کارکن جنہوں کورونا ویکسین لگوالی ہے وہ ہوٹل قرنطیہ کے بغیر ہی اپنے کفیل کے پاس براہ راست آسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کویتی کابینہ کی طرف سے گھریلو عملے کو ہوٹل قرنطینہ کی پابندی سے مشروط استثنیٰ دیا گیا ہے ، جس کے لیے ضروری ہے کہ کارکنان کویت میں رجسٹرڈ ویکسینوں میں سے کوئی ایک ویکسین لگواچکے ہوں ، اس کے ساتھ ساتھ کویتی ایپ ’مناعہ‘ کے ذرایعے انہوں نے ویکسین سرٹیفکیٹ بھی ڈاؤن لوڈ کیا ہوا ہو تاہم گھریلو عملے کو پی سی آر ٹیسٹ کویت پہنچنے سے 72 گھنٹے پہلے کرانا ہوگا جب کہ گھریلو آئسولیشن کے ہفتے کے پہلے 3 روز کے دوران ایک اور ٹیسٹ بھی کرانا ہوگا ، ٹیسٹ کا رزلٹ منفی آنے پر آئسولیشن ختم ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں کویتی حکومت کی جانب سے حال ہی میں ایک اور اہم فیصلہ لیا گیا ہے جس کے تحت پاکستان سمیت متعدد ممالک کے لیے تجارتی پروازوں پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، کویتی نیوز ایجنسی کے مطابق کویتی کابینہ نے پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، نیپال، مصر اور سری لنکا کے لیے تجارتی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ان ممالک کے لیے تجارتی پروازوں پر پابندی اٹھا لی جائے گی ، ان ممالک سے آنے والی کارگو فلائٹس پر کورونا ایس او پیز پوری طرح لاگو ہوں گی۔

چند روز قبل کویتی حکومت نے جی سی سی میں شامل ممالک کے شہریوں کے کویت داخلے پر عائد سفری پابندی بھی ختم کر دی ، جس کے بعد سعودیہ، امارات، قطر، بحرین اور عمان کے شہری کویت کا سفر کر سکیں گے ، ان ممالک سے ان مسافروں کو آنے کی اجازت دی جائے گی جنہوں نے فائزر، ایسٹرا زینیکا اور موڈرنا کی دو نوں خوراکیں لگوا رکھی ہوں گی جب کہ جانسن اینڈ جانسن کی ایک خوراک لگوانے والے بھی آ سکیں گے ، ان ممالک سے لوگ زمینی اور سمندری راستوں سے سفر کر سکیں گے ، جی سی سی ممالک سے آنے والے شہریوں کو سفر سے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہو گی جسے روانگی کے وقت جاری ہوئے 72 گھنٹے سے زائد وقت نہ گزرا ہو۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں