پاکستانی شہری کا کویت میں انوکھا کارنامہ‘ پولیس نے اطلاع ملتے ہی گرفتار کرلیا

کویتی پولیس پاکستانی شہری کو اپنے اپارٹمنٹ کے اندر چرس اگانے کے جرم میں گرفتار کرکے لے گئی ‘ ملزم کے قبضے سے چرس بنانے کے 7 پودے ، چاقو اور ایک ڈیجیٹل سکیل بھی برآمد ہوا

Sajid Ali ساجد علی پیر 10 جنوری 2022 12:58

پاکستانی شہری کا کویت میں انوکھا کارنامہ‘ پولیس نے اطلاع ملتے ہی گرفتار کرلیا
کویت سٹی ( اُردو پوائںٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 جنوری 2022ء ) خلیجی ملک کویت میں پولیس پاکستانی شہری کو اپنے اپارٹمنٹ کے اندر چرس اگانے کے جرم میں گرفتار کرکے لے گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق کویت میں رہائش پذیر ایک پاکستانی شہری کو کویت کے علاقے سلویٰ میں اپنے اپارٹمنٹ کے اندر چرس اگانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے اس دوران پاکستانی شہری کے قبضے سے چرس بنانے کے 7 پودے بھی برآمد ہوئے۔

معلوم ہوا ہے کہ یہ گرفتاری وزارت داخلہ کو ایک بے روزگار پاکستانی کے بارے میں منشیات فروخت کرنے کی نیت سے نشہ آور پودے اگانے کی معلومات موصول ہونے کے بعد کی گئی کارروائی کے نتیجے میں عمل میں لائی گئی ، جس کے لیے سکیورٹی فورسز کی جانب سے تحقیقات کو تیز کیا گیا اور اس شخص کی نقل و حرکت کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنے کے لیے وسائل بروئے کار لانا پڑے ، تمام تر قانونی ضابطے مکمل کیے جانے کے بعد پاکستانی باشندے کے اپارٹمنٹ پر چھاپہ مارا گیا اور پولیس نے جب ملزم کو گرفتار کیا تو اس کے پاس چرس کا ایک چھوٹا ٹکڑا ، چاقو اور ایک ڈیجیٹل سکیل بھی برآمد ہوا ، جس کے بعد ملزم کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کے لیے مجاز اتھارٹی کے حوالے کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح کویت میں حکومتی سبسڈی کی اشیاء فروخت کرنے والا بھارتی شہری بھی پکڑا گیا ، بھارتی شہری حولی کے علاقہ میں بوتھ کھول کر وہاں کھانے کی اشیاء فروخت کر رہا تھا ‘ جس کی ایک کویتی شہری نے متعلقہ حکام کو شکایت کردی ، وزارت داخلہ کو کویت کے ایک شہری نے شکایت کی کہ ایک غیر ملکی حولی کے علاقہ میں ایک بوتھ کھول کر وہاں کھانے کی اشیاء فروخت کر رہا ہے ، اس شکایت پر کویتی وزارت داخلہ کی ٹیم نے فوری طور پر ایکشن لیا اور بوتھ کے مقام پر پہنچ کر دودھ ، چاول ، چینی ، تیل اور دیگر اشیاء خورد و نوش کو قبضے میں لے لیا ، گرفتار شخص بھارتی شہری ہے جو کہ لیبر قانون کی خلاف ورزی میں ملوث پایا گیا ، جس کی بناء پر اسے حراست میں لے لیا گیا اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اسے ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

بتاتے چلیں کہ کویت کی حکومت اپنے شہریوں کو سبسڈی کی مدت میں ہر ماہ راشن مہیا کرتی ہے ، اس راشن کو فروخت کرنا قانونی طور پر جرم ہے جب کہ کویت میں مقیم غیر ملکیوں کی اکثریت جن میں بنگلہ دیشی اور بھارتی شہری سرفہرست ہیں ، وہ اس راشن کو فروخت کردیتے ہیں ، جس کی وجہ سے ایسے افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں