کویت میں ٹریفک حادثہ‘ مقامی طور پر مشہور پاکستانی شخصیت جاں بحق

حادثے میں جاں بحق شخص کی بیوی بھی زخمی ہوئی، جسےعلاج کیلئے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 5 اکتوبر 2023 15:21

کویت میں ٹریفک حادثہ‘ مقامی طور پر مشہور پاکستانی شخصیت جاں بحق
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 اکتوبر 2023ء ) خلیجی ملک کویت میں ٹریفک حادثے میں مقامی طور پر مشہور پاکستانی شہری کا انتقال ہوگیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق کویت میں سکستھ رنگ روڈ پر ٹریفک تصادم کے نتیجے میں ایک پاکستانی جاں بحق ہو گیا، اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی بیوی بھی زخمی ہوئی، جسے علاج کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

جنرل فائر فورس کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ سینٹرل آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کو کل صبح ایک اطلاع ملی کہ سکستھ رنگ روڈ پر دو گاڑیوں میں تصادم ہوا ہے، اطلاع ملنے کے فورای بعد مشرف فائر اسٹیشن کو حادثے کے مقام پر بھیجا گیا، تو پتا چلا دو گاڑیوں کے درمیان تصادم ہوا جس کی وجہ سے ان میں سے ایک گاڑی الٹ گئی اور اس کا ڈرائیور جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت محمد نعیم جان کے نام سے ہوئی جب کہ ان کے ساتھ گاڑی میں بیٹھی خاتون شدید زخمی ہوئی، فائر فائٹرز نے لاش کو گاڑی سے نکال کر فرانزک افسران کے حوالے کردیا اور زخمی خاتون کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ محمد نعیم جان کا شمار کویت کی ان معروف شخصیات میں ہوتا تھا جنہوں نے وہاں پاکستان کا نام روشن کیا، ان کا تعلق پشاور سے تھا تاہم وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ روزگار کے سلسلے میں عرصہ دراز سے کویت میں مقیم تھے، جہاں منعقد ہونے والے کسی بھی پاکستانی ایونٹ میں محمد نعیم جان کسی نہ کسی صورت اپنی خدمات پیش کرتے تھے، یہی وجہ ہے کہ محمد نعیم جان کی وفات کے باعث کویت میں مقیم ہر پاکستانی اور انہیں جاننے والے غیرملکی شہری بھی صدمے سے دوچار ہیں۔ 

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں