عمان میں کورونا وائرس کے حملے تیز تر ہو گئے

ایک ہی روز میں 322 نئے کیسز سامنے آ گئے، مجموعی تعداد 4341ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 15 مئی 2020 16:00

عمان میں کورونا وائرس کے حملے تیز تر ہو گئے
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15مئی 2020ء) خلیجی ریاست عمان میں دو ہفتے قبل تک کورونا مریضوں کی تعداد چند سینکڑوں تک محدود تھی، تاہم دیگر خلیجی ریاستوں کی طرح اب عمان میں بھی کورونا نے اپنے مہلک پنجے مضبوطی سے گاڑنا شروع کر دیئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مملکت میں مزید 322 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی گنتی 4,341 تک جا پہنچی ہے۔

عمانی وزارت صحت کے مطابق نئے مریضوں میں 80 عمانی شہری ہیں جبکہ 242 مختلف قومیتوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ مملکت میں کورونا سے مرنے والوں کی گنتی 17 ہو گئی ہے۔جبکہ گزشتہ روز کورونا سے مزید14 مریض صحت یاب ہو گئے جس کے بعد شفا یاب ہونے والوں کی مجموعی گنتی1,303 ہو چکی ہے۔وزارت صحت نے ایک بیان میں لوگوں پر زوردیا ہے کہ وہ سماجی فاصلہ اختیار کرنے اور الگ تھلگ رہنے کے لیے رہ نما ہدایات پر عمل درآمد کریں تاکہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ ”عزم کے ساتھ صحت کی تنہائی اور سماجی فاصلہ اختیار کرکے ہم خود بچے رہیں گے اور اپنے خاندانوں اور کمیونٹی میں بھی کرونا وائرس کو پھیلنے سے روک سکیں گے۔“عمانی حکومت نے اس کے بعد سلطنت میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے تھے۔دارالحکومت مسقط اور دوسرے بڑے شہروں میں لاک ڈاوٴن نافذ کردیا گیا تھا اور اس میں مئی کے آخر تک توسیع کردی گئی ہے۔

سلطنت بھر میں رمضان المبارک میں اجتماعات پر پابندی عاید ہے۔اس کے علاوہ عوامی ٹرانسپورٹ بھی معطل کر رکھی ہے۔بسیں ، فراری اور ٹیکسیاں چلانے پر پابندی عاید ہے۔ مساجد ، ریستوران ، کافی شاپس بھی بند ہیں البتہ روزمرہ استعمال کی اشیاء کی دکانیں اور دوا خانے کھلے ہیں۔نیز بعض کاروباروں کو کڑی شرائط کے ساتھ حال ہی میں کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

اومانی حکومت کی جانب سے مملکت بھر میں کورونا کے مریضوں کی تشخیص کے لیے مفت ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ رمضان سے قبل کئی ہفتوں کے لاک ڈاوٴن کے بعد عمانی حکومت کی جانب سے تجارتی سرگرمیوں پر عائد پابندیاں نرم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔سلطنت عمان نے منی ایکس چینج اور گاڑیوں کی مرمت کی دکانوں سمیت مختلف تجارتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حکومتی بیان کے مطابق جن کاروباروں اور کاموں کو دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی جارہی ہے، ان کے نام یہ ہیں: کاروں کی ورکشاپیں اور ان کے فاضل پرزہ جات کی دکانیں، مچھیروں کی کشتیوں کی مرمت اور فاضل پرزہ جات کی دکانیں ،برقی آلات اور کمپیوٹر کی دکانیں ،گھریلو آلات اور سیٹلائٹ ٹرانسمیشن کے آلات اور مرمت کی دکانیں۔اس کے علاوہ کاریں اور آلات کرائے پر دینے کا کاروبار کرنے والی دکانیں ،اسٹیشنری کی دکانیں ،پرنٹنگ کی دکانیں،تیل تبدیلی اور کار ٹائر شاپس اور منی ایکس چینج وغیرہ شامل ہیں۔

اومان نیوز ایجنسی نے اپنے ٹویٹراکاؤنٹ پر کرونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کی ذمے دار ملک کی سپریم کمیٹی کا ایک بیان جاری کیا ہے۔اس میں اس نے مختلف کاروباروں کی ایک فہرست جاری کی ہے،جنھیں قواعد وضوابط کے تحت دوبارہ کام کرنے کی اجازت دی جارہی ہے۔بیان کے مطابق ایک وقت میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے اصول کے تحت صرف دو گاہکوں کو دکان میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ نیز تمام کاروباری سرگرمیوں کے دوران میں صحت وصفائی کے اصولوں کی پیروی کی جانی چاہیے۔اومان میں کاروباروں کو ایسے وقت میں جزوی طور پر دوبارہ کھولنے کی اجازت دی گئی ہے جب کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں