عمان نے سرکاری اداروں میں تعینات تمام تارکین وطن کی نوکریاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا

حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری نوکریوں پر آئندہ صرف مقامی افراد کا حق ہوگا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 1 جولائی 2020 15:20

عمان نے سرکاری اداروں میں تعینات تمام تارکین وطن کی نوکریاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جولائی 2020ء) عمانی حکومت نے تمام سرکاری اداروں اور محکموں میں تعینات غیر ملکی ملازمین کو بُری خبر سُنا دی ہے۔ عمانی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آئندہ سے تمام سرکاری نوکریاں صرف عمانیوں کے لیے مخصوص ہوں گی جبکہ سرکاری ملازمتوں پر کام کرنے والے تمام غیر ملکی ملازمین کو ہٹا دیا جائے گا۔ گلف نیوز کے مطابق یہ فیصلہ کورونا وبا کے باعث مقامی افراد کو پیش معاشی مشکلات اور تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کے بعد معیشت کی خراب صورت حال کے باعث لیا جا رہا ہے۔

اس فیصلے کی زد میں سینکڑوں پاکستانی بھی آئیں گے جو سرکاری اداروں میں کام کر رہے ہیں۔ عمانی حکومت کی جانب سے اس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو سول سروس ڈیپارٹمنٹ کے انڈر سیکرٹری کی سربراہی میں منصوبہ تیار کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

جس کے تحت غیر ملکیوں کو نوکریوں سے فارغ کر کے ان کی جگہ عمانی مرد وں اور خواتین کو تعینات کیا جائے گا۔

اس کمیٹی میں وزارت افرادی قوت، وزارت صحت، وزارت تعلیم اور دیگر سرکاری اداروں کے نمائندے بھی شامل کیے جا رہے ہیں جو سرکاری ملازمتوں پر فائز غیر ملکیوں کو مرحلہ وار نوکریوں سے برخاست کرنے کے حوالے سے اپنی سفارشات اور تجاویز بھی دیں گے۔ وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جلد ہی غیر ملکیوں کو سرکاری نوکریوں سے ہٹا کر ان کی جگہ مقامی افراد کو نوکریاں دینے کے منصوبے پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔

یہ فیصلہ کورونا کے باعث معیشت کو ہونے والے نقصانات، سست رفتار معاشی ترقی، مقامی افراد میں بے روزگاری کی شرح میں اضافے کے باعث لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ عمان کے سرکاری شعبے میں 50 ہزار سے زائد تارکین ملازمت کر رہے ہیں۔ اومان کی پچاس لاکھ کی آبادی میں سے غیر ملکیوں کی گنتی 20 لاکھ کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے۔ 

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں