مشرق وسطیٰ ؛ گدھی کے دودھ سے تیارکردہ صابن کی طلب میں غیرمعمولی اضافہ

گدھی کے دودھ کی قلت کی وجہ سے 85 گرام صابن کی ٹکیا 11 امریکی ڈالر یعنی تقریباً 2 ہزار پاکستانی روپے میں فروخت ہونے لگی ، گدھی کے دودھ والا صابن جلد کے خلیوں کو جوان بناتا اور بڑھاپے کی علامات کو کم کرتا ہے۔ رپورٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 9 ستمبر 2021 14:38

مشرق وسطیٰ ؛ گدھی کے دودھ سے تیارکردہ صابن کی طلب میں غیرمعمولی اضافہ
عمان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 ستمبر 2021ء ) مشرق وسطیٰ میں گدھی کے دودھ سے تیارکردہ صابن کی طلب میں غیرمعمولی اضافہ ہوگیا ، گدھی کے دودھ کی قلت کی وجہ سے 85 گرام صابن کی ٹکیا 8 دینار یا 11 امریکی ڈالر یعنی تقریباً 2 ہزار پاکستانی روپے میں فروخت ہورہی ہے۔ العربیہ نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ بالخصوص اردن میں گدھی کے دودھ سے تیار کردہ صابن کی طلب میں غیرمعمولی اضافہ ہو گیا ہے ، اس حوالے سے عمان کے ریووا بیوٹی سنٹر کی غذائیت کی ماہر سوزانا حداد نے کہا ہے کہ گدھی کے دودھ کا صابن جلد میں نمی کی سطح کو متوازن کرنے میں معاون ہے ، گدھی کے دودھ سے تیار کردہ صابن سے چہرے کے دھبوں ، کیل مہاسوں اور جھریوں کے اثرات کو دور کرنے میں مدد دیتا ہے کیوں کہ اس میں پروٹین اور میگنیشیم ، تانبا ، سوڈیم ، مینگنیج ، زنک ، کیلشیم اور آئرن جیسے معدنی عناصر پائے جاتے ہیں ، اس کے علاوہ گدھی کے دودھ میں کیسین کی کم مقدار اینٹی مائیکروبیکٹریل خصوصیات اور مرکبات ہوتے ہیں جو وائرس اور بیکٹیریا کی نشوونما کو روکنے کا کام کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے اُردن میں گدھی کے دودھ سے صابن بنانے کا منصوبہ شروع کرنے والی سلمی الزعبی نے بتایا کہ انہیں یہ خیال گدھی کے دودھ کی اہمیت اور فوائد کو جاننے کے بعد آیا ، تاہم یہ صرف اردن کی اختراع نہیں ہے بلکہ یہ پروڈکٹ دنیا کے کئی دوسرے ممالک میں بھی پائی جاتی ہے تاہم دنیا میں فی الحال گدھی کے دودھ کی جلد کے خلیوں کو جوان بنانے ، بڑھاپے کی علامات کو کم کرنے اوراس کے فعال ہونے کی صلاحیت کا مطالعہ کیا جا رہا ہے اور یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ جلد کی کچھ بیماریوں جیسے ایکزیما اور جلد کی رنگت کی یکسانیت میں یہ دودھ کتنا کار گر ثابت ہو سکتا ہے۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں