عمان میں مقیم افراد آن لائن فراڈ سے ہوشیار ہوجائیں ‘ انتباہ جاری

اپنے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات کبھی بھی کسی نامعلوم کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ عمان پوسٹ کا اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی منگل 2 نومبر 2021 15:10

عمان میں مقیم افراد آن لائن فراڈ سے ہوشیار ہوجائیں ‘ انتباہ جاری
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 نومبر 2021ء ) عمان میں آن لائن فراڈ سے متعلق انتباہ جاری کردیا گیا۔ ٹائمز آف عمان کے مطابق عمان پوسٹ نے اپنے مستفید ہونے والوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات کسی نامعلوم ذریعہ سے شیئر نہ کریں ، اس ضمن میں عمان پوسٹ کی طرف سے آن لائن جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم آپ کو مطلع کرنا چاہتے ہیں عمان پوسٹ آپ کو ادائیگی کی منتقلی کے لیے کبھی بھی ای میل ، ٹیکسٹ میسج ، واٹس ایپ یا لنکس نہیں بھیجے گی ، اس لیے اپنے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات کبھی بھی کسی نامعلوم کے ساتھ شیئر نہ کریں۔

خیال رہے کہ جعلسازوں کی جانب سے لوگوں کو آن لائن لُوٹنے کے لیے نئے نئے حربے آزمائے جا رہے ہیں جن کی وجہ سے ہزاروں افراد اپنی جمع پونجی سے محروم ہو چکے ہیں ، گذشتہ ایک سال کے دوران میں ہر دس میں سے چار صارفین سے آن لائن فراڈ کی کوشش کی گئی ہے تاہم اس کے باوجود لوگوں کے ڈیجیٹل لین دین پر اعتماد اور بھروسے میں اضافہ بھی ہوا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف دبئی پولیس ، دبئی اکانومی اور ویزا نے کروناوائرس کی وبا کے تناظر میں آن لائن لین دین میں لوگوں کے طرزعمل کی جانچ کے لیے ایک سروے کیا ہے ، ’2021ء میں محفوظ رہیں‘ کے عنوان سے سروے میں یو اے ای کے 39 فی صد صارفین نے کہا ہے کہ ان سے آن لائن فراڈ کی کوشش کی گئی ہے،27 فی صد کو دھوکا دہی کا تجربہ ہوا ،19 فی صد کے ساتھ کریڈٹ کارڈ کا فراڈ ہوا اور 17 فی صد کو آن لائن خریداری پر جعلی اشیاء موصول ہوئی ہیں ، یواے ای کے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد کے ضمن میں سروے میں شامل بیان پرنصف شرکاء کا کہنا تھا کہ وہ فراڈ کی صورت میں مقامی حکام سے رابطہ کریں گے۔

اس سروے کے مطابق یو اے ای میں صارفین کی جانب سے خریداری پر نقدرقوم کی ادائی میں کمی واقع ہوئی ہے اور لوگ اب ڈیجیٹل ذرائع سے رقوم کی ادائی کو ترجیح دے رہے ہیں ، ای کامرس اور بالمشافہ رابطے کے بغیررقم ادا کرنے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے جبکہ اشیاء کی وصولی کے وقت رقوم ادا کرنے کے رجحان میں 75 فی صد کمی واقع ہوئی ہے ، یواے ای میں قریباً 63 فی صد صارفین نے رقوم کی ڈیجیٹل ادائی پر بھرپوراعتماد کا اظہار کیا ہے۔ان میں 60 فی صد صارفین کا کہنا تھا کہ انھیں اس طرح آن لائن رقم کی منتقلی میں سہولت رہتی ہے،59 فی صد کے نزدیک اس طرح تیزی سے لین دین ہوجاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں