عمان کا عید الاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان

سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کے لیے عید کی تعطیلات 27 جون سے شروع ہوں گی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 21 جون 2023 07:25

عمان کا عید الاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 جون 2023ء ) عمان نے عید الاضحیٰ کے موقع پر سرکاری اور نجی شعبوں کی تعطیلات کا اعلان کردیا۔ عمان کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق عمان میں اوقاف اور مذہبی امور کی وزارت نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ عید الاضحیٰ 28 جون 2023 بروز بدھ کو شروع ہوگی، اس کی مناسبت سے خلیجی ملک کی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کے لیے عید الاضحیٰ کی تعطیلات منگل 27 جون سے شروع ہو کر یکم جولائی بروز ہفتہ تک جاری رہیں گی، 2 جولائی بروز اتوار کو سرکاری کام دوبارہ شروع ہو جائے گا۔

ادھر سعودی عرب نے بھی عید الاضحیٰ کے موقع پر نجی شعبے کے لیے تعطیلات کا اعلان کیا ہے، سعودی عرب کی وزارت برائے انسانی وسائل اور سماجی ترقی (MHRSD) نے مملکت میں نجی شعبے اور غیر منافع بخش اداروں کے کارکنوں کے لیے عید الاضحیٰ کی 4 روزہ تعطیلات کا اعلان کیا ہے، عید الاضحی کی تعطیلات منگل کے روز 27 جون کو 9 ذی الحجہ (یوم عرفہ) سے شروع ہوں گی اور 30 جون بروز جمعہ 12 ذی الحجہ کو ختم ہوں گی۔

(جاری ہے)

سعودی سپریم کورٹ نے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں نیا چاند نظر آنے کے بعد پیر 19 جون سے ذوالحجہ کے مہینے کا آغاز ہوچکا ہے، جس کا مطلب ہے کہ عید الاضحی 2023 بروز بدھ 28 جون کو منائی جائے گی کیوں کہ یہ روایتی طور پر ذی الحجہ کی 10ویں تاریخ کو آتی ہے، اسی مناسبت سے یوم عرفہ جو کہ نویں ذی الحجہ کو منایا جاتا ہے، منگل 27 جون کو ہوگا۔ اسی طرح متحدہ عرب امارات میں نجی شعبے کے لیے عید الاضحیٰ کے موقع پر 6 روزہ تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے، انسانی وسائل اور امارات کی وزارت (ایم او ایچ آر ای) نے یوم عرفہ اور عید الاضحیٰ کے موقع پر نجی شعبے کے لیے 27 جون سے 30 جون تک سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا، جس کا مطلب ہے متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کے پاس اسلامی تہوار کو منانے کے لیے منگل 27 جون سے اتوار 2 جولائی تک 6 دن کی چھٹیاں ہوں گی کیوں کہ اس میں ویک اینڈ بھی شامل ہے، یہ فیصلہ عوامی اور نجی شعبوں کے لیے منظور شدہ عوامی تعطیلات کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی کابینہ کی قرارداد کے مطابق ہے۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں